نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان کاعیدالفطر کے موقع پر پیغام

Print Friendly, PDF & Email

نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خا ن نے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر ملت اسلامیہ میں اجتماعیت و یگانگت کی سوچ پیدا کرتی ہے آج ہمیں اسی جذبہ اتحاد و یگانگت کو زندہ کرنے اور دکھی و محروم انسانیت کو اپنی خوشیوں اور نعمتوں میں شریک کرنے کی ضرورت ہے۔ عیدالفطر کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصاً خیبر پختونخوا کے عوام کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عید الفطر کا فلسفہ یہی ہے کہ رمضان کی صورت میں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کا شکریہ ادا کیا جائے اور آپس میں ذاتی اختلافات کو بھول کر بطور ملت اسلامیہ یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔عید الفطر کی صورت میں ماہ مقدس رمضان کے دوران اللہ تعالیٰ کی طرف سے رحمت، مغفرت اور نار جہنم سے نجات کی صورت میں نعمتوں پر تشکر و فرحت کا اظہار کیا جاتا ہے۔ امیر اور غریب سب مل کر اس خوشی کو مناتے ہیں جو قدرت کا ایک نادر تحفہ ہے۔ دوست محمدخان نے کہا کہ صدقہ فطر کی ادائیگی کا مقصد بھی معاشرے کے مفلس اور نادار لوگوں کو اس خوشی میں شریک کرنا ہے تاکہ حقیقی معنوں میں اجتماعیت کو فروغ دیا جا سکے۔نگران وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سیکورٹی فورسز کے شہداء کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے اور امن کے قیام کیلئے بر سر پیکار نوجوانوں کو خصوصی مبارک باد دی اور انہیں یقین دلایا کہ قوم انکے ساتھ کھڑی ہے۔