چترال (ارشاد اللہ شاد ؔ سے)23مارچ یوم پاکستان کے عظیم دن کی مناسبت سے جے آئی یوتھ ضلع چترال نے آج ”یوم پاکستان ریلی“ کا انعقاد کیا اور یوم پاکستان کو روایتی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے کیساتھ منایا گیا۔ جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی صبح نو بجے چیوپل سے شروغ ہوکر پولو گراؤنڈ پر اختتام پذیر ہوا۔ ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع چترال مولانا جمشید احمد اور صدر جے آئی یوتھ وجیہ الدین کر رہے تھے۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء سے امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید احمداور صدر وجیہ الدین نے 23مارچ کی اہمیت اور موجودہ دور میں اس کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان اسلاف کی بے پناہ قربانیوں کے طفیل حاصل کیا گیا ہے اور آج ہم انہی کی لازوال قربانیوں کی بدولت آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں تحریک پاکستان کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، ہمارے آباؤ اجداد نے کئی قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا، ہمارا یہ فرض عین ہونا چاہئے کہ ہم متحد ہوکر اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عزم کرنا ہوگا کہ پاکستان کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ صدر جے آئی یوتھ وجیہ الدین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ وہ تحریک پاکستان اور نظریہ پاکستان سے خود کو آگاہ رکھیں، تاکہ انہیں معلوم ہوسکے کہ اس ملک کی بنیاد وں میں کونسا نظریہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا واحد حل ایک ہے کہ ہم ملک کی اصل اساس کی طرف پلٹ جائیں، ملک کو نظریاتی طور پر بانجھ بنانے والی قوتوں کی سرکوبی کیلئے انھیں چاہئے کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،جونظریہ پاکستان کا محافظ قوت سمجھی جاتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدات کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ آخر میں مملکت خداداد پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔