چترال (محکم الدین ) اسسٹنٹ کمشنر چترال ساجدنواز نے کہا ہے ۔ کہ کالاش وادیوں کے لوگ اپنی منفرد تاریخ اور ثقافت کی وجہ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور ااُن کی محبت اور بھائی چارہ دوسرے لوگوں کیلئے ایک مثال ہے۔ یہ علاقے اپنی پسماندگی کے باعث زیادہ توجہ کے حقدار ہیں۔ اس لئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین اور ڈی پی او چترال کیپٹن منصور امان کے بھر پور تعاون سے ان علاقوں کے مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں ۔ عوام کے مسائل سے متعلق آگہی اور فوری طور پر ان کے حل کیلئے کُھلی کچہری کے انعقاد اس سلسلے کی ایک کڑی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالاش ویلی بریر میں ایک کُھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں مختلف اداروں کے ذمہ دار اآفیسران موجود تھے۔ انہوں نے کہا۔ کہ ہماری کوشش ہے، کہ کالاش وادیوں میں وہ ترقی ہو۔ جو چترال کے دوسرے علاقوں میں ہو رہی ہے۔ تاکہ لوگ احساس محرومی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا۔ کہ بریر ویلی کو محفوظ بنانے کیلئے لیویز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ آسامیوں میں مناسب کوٹہ دیا جائے گا۔ ڈسپنسری کیلئے ادویات کی فراہمی کے ساتھ فری میڈیکل کیمپ کا فوری انعقاد کیا جائے گا۔ اور علاقے میں تعلیم سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا۔ کہ علاقے کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی پشتوں کی تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے بریر سڑک کو بہتر بنانے کے حوالے سے سی اینڈ ڈبلیو کو فوری طور پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی۔ جبکہ خواتین کے لئے سی ڈی ایل ڈی کے تحت ووکیشنل سنٹر کی تعمیر کرنے کی یقین دھانی کی۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں پہلی مرتبہ خواتین کو جنگلات کی رائیلٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔ جنہیں پہلے محروم رکھا گیا تھا۔ انہوں نے مقامی لوگوں کی طرف سے جنگلات کے بارے میں تحفظات دور کرنے کے سلسلے میں اجلاس بلانے اور متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کی یقین دھانی کی۔ قبل ازین ویلج نائب ناظم بریر محمد ابراہیم، کونسلر شاہ حسین، شمس الربی نے کالاش ویلی بریر کے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی، اور کہا۔ کہ بریر کے جنگلات پر عمارتی لکڑی کے پرمٹ کا سب سے زیادہ دباؤ ہے ۔ انہوں نے بریر مکتب سکول کو پرائمری سکول بنانے، بریر کے نوجوانوں کو سکیورٹی فورسز میں بھرتی کرنے، ڈسپنسری کو اپگریڈ کرنے، حفاظتی پشتوں کی تعمیر، اور سڑک کو بہتر بنانے کے مطالبات کئے۔ منیجر اے وی ڈی پی وزیر زادہ کالاش نے انتظامیہ کی طرف سے کالاش لوگوں کے مسائل پر توجہ دینے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ اور صوبائی حکومت کی طرف سے کالاش قبرستان کیلئے فنڈ کی فراہمی، کالاش قاضیوں کیلئے ماہانہ اعزازیہ مقرر کرنے پر اُن کے اقدامات کی تعریف کی۔ اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا۔ کہ سپیشل فورس میں بریر کو زیادہ حصہ دیا جائے۔ انہوں نے اے وی ڈی پی اور اے کے آر ایس پی کے اشتراک سے بریر ویلی میں کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں، اور لولی ہوڈ پروگرام کے تحت کئے گئے کاموں پر روشنی ڈالی۔ کُھلی کچہری میں ایڈیشنل ایس پی نور جمال، حافظ نور اللہ، ڈی ایچ او اسرار اللہ، دپٹی ڈی ایف او محمد یوسف نے کمیونٹی کی طرف سے اُٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیے۔ اور یقین دلایا۔ کہ تمام مسائل کے حل کئے جائیں گے۔ قبل ازیں تمام آفیسران کو کالاش کمیونٹی کی طرف سے خصوصی لباس چپان اور چیہاری پہنائے گئے۔ کھلی کچہری میں ایکسن سی اینڈ ڈبلیو ظفر علی، ایس ڈی پی او چترال فاروق جان، ڈی ایف او وائلڈ لائف، اے ڈی ای او شہزاد ندیم، چیرمین اے وی ڈی پی رحمت الہی اور بڑی تعداد میں دیگر آفیسران موجود تھے۔