گولین بجلی گھر سے دروش تحصیل بھی جگمگا اٹھا

Print Friendly, PDF & Email

دروش (نمائندہ چترال میل) گولین گول 106میگاواٹ بجلی گھر سے دروش تحصیل کو بجلی کی آزمائشی ترسیل پیر کے روز کی گئی۔ تفصیلا ت کے مطابق گولین گول ہائیڈل پاؤراسٹیشن سے چترال کے بعد دروش تحصیل کو بجلی کی ترسیل آزمائشی طور پر پیر کے روز کی گئی۔ اس موقع پر تحصیل دروش کے عمائدین بڑی تعداد میں دروش گرڈ اسٹیشن میں موجود تھی اور خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ معروف مذہبی اور سیاسی شخصیت قاری جمال عبدالناصر کے تلاوت کلام کے ساتھ ہی گرڈ اسٹیشن میں بٹن دباکر بجلی کی فراہمی کا آغاز کر دیا جس سے دروش اور قرب وجوار کے دیہات جگمگا اٹھے۔اس موقع پر اجتماعی دعا بھی کی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کئے گئے۔ درایں اثناء مقامی عمائدین نے گولین گول بجلی کے بروقت تعمیر پر وفاقی حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ مقامی عمائدین نے گولین بجلی گھر کی تعمیر اور اس سے چترال کے تمام علاقوں کو بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں کوششیں کرنے پر رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔ گولین گول بجلی گھر سے بجلی کی فراہمی کے بعد دروش ٹاؤن اور نواحی علاقے روشنی سے جگمگا اٹھے جس سے لوگوں میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ قبل ازیں دروش چوک میں اہلیان دروش نے اظہار تشکر کا جلسہ بھی منعقد کیا جس خطاب کرتے ہوئے مقررین نے گولین گول بجلی گھر کے بروقت تکمیل پر حکومت پاکستان بالخصوص سابق وزیر اعظم نواز شریف اور موجود ہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ مقررین نے چترال کی ترقی کے حوالے سے شبانہ روز محنت کرنے پر رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ ان تمام حضرات کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جو کسی بھی لحاظ اور کسی بھی سطح پر خدمات انجام دیں اور جو فوت ہوئے ہیں مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔سامبو کمپنی اور واپڈا کے تمام اہلکاروں کو سلام پیش کیا گیا۔ اظہار تشکرکے جلسے سے قاری جمال عبدالناصر، مولانا انعام الحق، ناظم عمران الملک، ظاہر خان، صلاح الدین طوفان، محمود الحسن و دیگر نے خطاب کیا۔
عمائدین دروش کی طرف سے بڑے پیمانے پر یوم تشکر منانے کا اعلان ہوا جوکہ جمعتہ المبارک کے دن منایا جائیگا۔