چترال میں گذشتہ رات اور منگل کے روز وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) چترال میں گذشتہ رات اور منگل کے روز وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ کالاش ویلیز میں پانچ انچ، گرمچشمہ میں چار انچ، گبور، بگوشٹ میں آٹھ انچ برف پڑی۔ اسی طرح لواری ٹنل کے دونوں اطراف میں برف پڑنے سے گاڑیوں کو پھسلن کا سامنا کرنا پڑا۔ اور مسافروں کو شدید تکلیف پیش آئی۔ مستوج، تورکہو اور موڑکہو میں بہت ہلکی برفباری ہوئی۔ جبکہ لاسپور اور شندور میں برف کی مقدار زیادہ رہی۔ تاہم کہیں سے بھی روڈ بند ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ برفباری اور بارش کے ساتھ ہی سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ مارکیٹ میں سردی پڑتے ہی سوختنی لکڑی اور کوئلے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں چترال میں چھ مہینے بعد بارش ہوئی ہے اس لئے طویل خشک سالی حالیہ بارش اور برفباری کی وجہ سے تقریبا ختم ہو گئی ہے زیادہ تر علاقوں کے لوگ جو بارشیں نہ ہونے اور پانی کی کمی کے باعث گندم کی کاشت نہیں کر سکے تھے۔ پھر سے بوائی شروع کر دی ہے۔ تاہم یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گندم کی کاشت کا وقت گزر گیا ہے اس لئے اس سے فوائد کے زیادہ امکانات نہیں ہیں۔ بارش کے بعد خشکی کی وجہ سے پھیلنے والی مختلف بیماریوں میں کمی آنے کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔ اور مجموعی طور پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ چترال میں گذشتہ چند سالوں سے موسم میں غیر معمولی تبدیلی آئی ہے۔ اور بارش و برفباری نہ ہونے کے برابر ہیں۔ جبکہ سابقہ ادوار میں ماہ دسمبر میں شدید برفباری ہوتی تھی اور چترال دو سے تین مہینے برف سے ڈھکا رہتا تھا۔ لیکن بتدریج موسم میں شدید قسم کی تبدیلی آئی ہے۔ جس کے منفی اثرات نے پورے چترال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔