ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن چترال کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ہفتے کے روز چترال سکاوٹس گراونڈ میں شروع ہوگئی جس میں 34کرکٹ کلب کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن چترال کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ہفتے کے روز چترال سکاوٹس گراونڈ میں شروع ہوگئی جس میں 34کرکٹ کلب کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ ضلع میں کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار وائٹ کٹ اور ریڈ بال استعمال کئے جارہے ہیں۔ افتتاحی میچ بلچ اے اور سہارا مغلاندہ کے درمیان کھیلا گیا جس میں کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین مہمان خصوصی تھے۔ 25,25اووروں پر محیط اس میچ میں بلچ اے نے کامیابی حاصل کی جس نے 128رنز کی آسان ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہدف پوری کرلی۔ سہار ا مغلاندہ کے عامر نے بلچ کے کئی اہم وکٹ حاصل کی جن میں مدثر کو 33رنز پر کلین بولڈ کرکے ان کو نصف سینچری بنانے کی طرف جانے سے بھی روک دیا۔ میں آف دی میچ زاہد حسین کو قرار دیا گیا جس نے اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالاا ور کئی قیمتی وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 40رنز بھی بنالئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد ایاز نے کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے گراونڈ کی اجازت دینے پر کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ چترال میں اس وقت کرکٹ کے لئے کوئی گراونڈ دستیاب نہیں اور ان حالات میں چترال سکاوٹس کا نوجوانوں کے ساتھ تعاون قابل تعریف ہے۔ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ شاعر مشرق کے قول کے مطابق کھیل کے دوران ہی نوجوان کو جھپٹنے، پلٹنے، پلٹ کر جھپٹتے ہوئے لہوکو گرم رکھنے کا موقع ملتا ہے اور اس کا عملی تربیت بھی یہیں سے حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے چترال کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں نام کمانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے چترال سکاوٹس کی طرف سے کھیلوں کے فروع اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں ہر ممکن تعاون کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔