چترال (نمائندہ چترال میل) ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سو دھر نے کہا ہے۔ کہ ویلج کونسل بنیادی اکائی ہے، کونسلرز اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کریں گے۔ تو جمہوریت مستحکم نہیں ہو گی، مجھے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بطور ڈپٹی کمشنر چترال میں تعینات کیا گیا ہے، اس لئے میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں۔ کہ ایسے منصوبے تعمیر کئے جائیں۔ جن سے عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ ہو۔ صرف منصوبے ظاہر کرکے سرکاری فنڈ کا ضیاع نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ضلع کونسل ہال چترال میں آل ناظمین اور کونسلرز کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ، اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم کے علاوہ بلدیاتی ممبران، ناظمین اور کونسلرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا،کہ چترال کو بہت زیادہ چیلینجز کا سامنا ہے۔ باوجود اس کے کہ یہاں بہت سارے سرکاری ادارے کام کررہے ہیں۔ لوگوں کو مختلف شعبوں میں مسائل کا سامنا ہے۔ جبکہ یہاں سرکار کے ساتھ ساتھ این جی اوز بھی کام کر رہے ہیں۔ لیکن ان لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے۔ کہ جو پیسے این جی اوز کو مل رہے ہیں۔ وہ چترال کے نام پر مل رہے ہیں اس لئے یہ کسی پر احسان نہیں ہے۔ اور وہ ادارے چترال کیلئے ملنے والے فنڈز کو سو فیصد چترال کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے خرچ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ چترال میں رہنے والا ہر فرد ٹیکس ادا کرتا ہے۔ جو اشیاء خوردونوش اور اشیاء ضروریہ کی خریداری پر وصول کی جاتی ہے۔ اس لئے کسی بھی سرکاری فنڈ کو اقرباء پروری اور کرپشن کی نذر ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا۔ کہ پبلک فنڈ کو بغیر سوچے سمجھے استعمال کرنا بد دیانتی ہے۔ اور فنڈ وہاں استعمال کیا جائے۔ جہاں لوگوں کو سہولت ملے۔ صرف پراجیکٹ کرنا مقصود نہ ہو۔ انہوں نے کہا۔ کہ جو بھی ٹھیکہ دار کام نہیں کرے گا۔ اُس کو دوسروں کیلئے نشان عبرت بنایا جائے گا ۔ کسی بھی قسم کی رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا۔ کہ چترال میں بہت سارے ادارے سو رہے ہیں۔ جنہیں ہم نے جگانا شروع کر دیا ہے۔ ہمارے ساتھ وہ سرکاری آفیسران رہیں گے۔ جو کام کرنا چاہتے ہیں۔ بصورت دیگر اُن کو ہم لواری ٹنل کے اُس طرف ہی روک دیں گے۔ انہوں نے کہا۔ کہ چترال کی ایک منفرد خوبصورتی ہے۔ اور یہ سیاحوں کی دلچسپی کی سرزمین ہے۔ اس میں ماحولیاتی آلودگی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہمیں شاپنگ بیگز کی جگہ کپڑے کے تھیلے استعمال کرنے پڑیں گے۔ اور گلی کوچوں میں موجود کچروں کو ٹھکانے لگا نا ہو گا۔ جس کا ہم نے آغاز کر دیا ہے۔ اور صفائی کی مہم جاری ہے۔ انہوں نے ناظمین سے کہا۔ کہ اُن کے بجٹ میں صفائی کی مد میں فنڈ موجود ہے۔ جنہیں صرف صفائی پر استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ وہ چترال کے اندر ڈسٹ بین لگانے اور کچروں کی ری سائکلنگ کرکے کارآمد بنانے کے سلسلے میں کام کر رہے ہیں۔ جن کے انشا ء اللہ بہتر نتائج نکلیں گے۔ صدر محفل ضلع ناظم مغفرت شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کہ چترال کی تعمیرو ترقی کیلئے ہم نے باوجود سیاسی اختلافات کے سابق صدر پرویز مشرف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا شاندار استقبال کیا۔ اور ان ہی کوششوں اور چترال کی روایتی مہمان نوازی کی بدولت لواری ٹنل سمیت چترال میں کئی میگا پراجیکٹ حاصل کرنے میں ہمیں کامیابی ملی۔ اور الیکشن کے بعد ہمارا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے۔ کہ چترال کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ایک کے در پر دستک دیں، اور آنے والے مہمانوں کا پارٹی وابستگی سے بالا تر ہو کر استقبال اور مہمان نوازی کریں۔ انہوں نے کہا،کہ ڈپٹی کمشنر نے چترال کی تعمیرو ترقی کے حوالے سے جس جذبے کا اظہار کیا ہے۔ ہم اس کے دست وبازو بن کر ان مقاصد کے حصول میں مددگار ہوں گے۔ انہوں نے کہا۔ کہ ویلج کونسلرز کنٹریکٹر کے ہاتھ میں بے بس ہیں۔ اور ناقص سسٹم نے بے شمار مسائل پیدا کئے ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ چترال میں سی ڈی ایل ڈی کے حوالے سے کافی اعتراضات تھے۔ اب ہر یوسی میں ویلج ڈویلپمنٹ پلان کی تیاری کے بعد ترجیحات کے مطابق ان منصوبوں پر کام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا۔ کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اسڑیٹجی کے تحت پاکستان پاورٹی ایلویشن فنڈ دسمبر تک چترال میں کام شروع کرے گا۔ جس کا دورانیہ دس سالوں پر محیط ہو گا ۔ اس سے چترال کے بہت سارے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ضلع ناظم نے کہا۔ کہ چترال شہر کی گلی کوچوں کو صاف رکھنے اور کچرا اُٹھانے کیلئے پانچ موٹر سائیکل کچرا گاڑی خریدے جائیں گے۔ ان سے تنگ گلیوں سے کچرا اُٹھانے میں سہولت ہوگی۔ انہوں نے ناظمین اور کونسلرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ کہ آپ انتہائی ذمہ دار لوگ ہیں۔ لیکن سسٹم کرپٹ ہے۔ آپ کو اس کرپٹ سسٹم میں رہ کر عوام کیلئے کام کرنا پڑے گا۔ گو کہ اس میں اپنے دامن کو صاف رکھنا مشکل ہے۔ لیکن اپنے اللہ کو راضی کرنے کیلئے یہ جدو جُہد کرنی پڑے گی۔ قبل ازین ضلع نائب ناظم مولانا عبد الشکور، آل ناظمین فورم چترال کے صدر سجاد احمد اور جنرل سیکرٹری نوید احمد بیگ نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین
- مضامینداد بیداد۔۔10بجے کا مطلب۔۔ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی
- ہوملوئر چترال پولیس کی کامیاب کاروائی 2444 گرام چرس برامد
- ہومٹریفک ڈرائیونگ سکول میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز۔لوئر چترال پولیس کا ایک اور احسن اقدام
- ہومونڈز ایگل مارخور پولو ٹورنامنٹ سیزن ون اپنی تمام تر رعنایوں کے ساتھ چترال کے تاریخی پولو گراونڈ (جنالی) میں شروع
- ہومپولیس خدمت مرکز زارگراندہ میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ چترال پولیس
- ہوماپر چترال کی تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند اہالیان تورکھو کے ساتھ ان کے احتجاج میں شریک ہوکر انتظامیہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا
- مضامینداد بیداد۔۔روم ایک دن میں نہیں بنا۔۔ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی
- ہوممعروف عالم دین اور مدرسہ امام محمد کراچی کے مہتمم قاری فیض اللہ چترا لی کی طرف سے میٹرک کی ضلعی سطح پر ٹاپ تھیر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء طالبات میں وظائف اور اقراء ایوارڈ کی تقسیم
- مضامیندھڑکنوں کی زبان ۔۔”بین السکول کھیلوں کے مقابلے اور محکمہ تعلیم اپر چترال”۔۔محمد جاوید حیات
- مضامیندھڑکنوں کی زبان۔۔۔”آج کل کا استاذ اور اس کی ذمہ داریاں “۔۔۔محمد جاوید حیات