چترال ( نمائندہ چترال میل ) پاکستان جیپ ریلی 2017 کے سلسلے میں چار مرحلوں پر محیط ریلی پاک آرمی کے زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ چترال کے تعاون سے 21اکتوبر سے چترال سے شروع ہو گی۔ افتتاحی تقریب چترال پولوگراؤنڈ میں ہوگی۔جس میں کور کمانڈر پشاور کی شرکت متوقع ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین کی زیر صدارت اُن کے آفس میں ایک اجلاس ہوا۔ جس میں اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم، شہزادہ ضیاء الملک، انجینئرخادم اللہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی نے ریلی سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا۔ کہ ریلی چار مرحلوں میں مکمل ہوگا۔ چترال پولوگراؤنڈ میں افتتاحی تقریب ہو گی۔ جسمیں کور کمانڈر پشاور مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس موقع پر پولو میچ کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد چترال سے 20جیپوں پر مشتمل ریلی کا قافلہ شندور کی طرف روانہ ہو گا۔ اور شندور میں رات کو قیام کر ے گا۔ جبکہ دوسرے روز اُن کا قیام گلگت کے مقام جگلوٹ میں ہو گا۔ جہاں خنجراب سے آنے والی جیپ ریلی اس مقام پر اُن سے ملے گا۔ اور اگلے روز بشام اور ایبٹ آباد کے راستے یہ قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔ جو گلگت اور چترال کے ریلی قافلوں کے ا ٓخری سٹاپ ہو گا۔ جہاں سے وہ واپس لوٹیں گے ۔ دوسری ریلی ڈی آئی خان سے اپنا سفر شروع کرے گی۔ اور اُن کا آخری پڑاؤ گومل زام ڈیم ہو گا۔ اسی طرح کوئٹہ اور کراچی سے نکلنے والی جیپ ریلی کا آخری سٹاپ گوادر ہو گا۔ چترال کی جیپ ریلی میں 20جیپ حصہ لیں گی، جن کی قیادت چترال فور بائی فور کلب کے صدر آفتاب کریں گے۔ اس ریلی میں حصہ لینے والے این سی پی گاڑیوں کو پاک آرمی کی طرف سے خصوصی اجازت نامے جاری کئے گئے ہیں۔ جو کہ صرف ریلی کی اوقات تک محدود ہوں گی۔ ریلی کا مقصد بین الاقوامی سطح پر پاکستان آرمی کی طرف سے ضرب عضب اور ردالفساد کے اپریشن کے نتیجے میں بحال شدہ امن کے ماحول کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے اور سی پیک منصوبے کی افادیت کو اُجاگر کرنا ہے۔ چترال کی ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے۔ کہ 21 اکتوبر کے روز ریلی کے افتتاحی تقریب میں شمولیت کرکے چترال میں امن و آشتی کے ماحول کو پوری دُنیا کے سامنے واضح کریں۔