ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جذبے اور جوش سے منایا گیا، جی ایچ کیو میں پروقار تقریب کا انعقاد

Print Friendly, PDF & Email

اسلام آباد/ کراچی (نمائندہ چترال میل) ملک بھر میں 52واں یوم دفاعِ پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ٗ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 ٗ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا تفصیلات کے مطابق 52 ویں یوم دفاع کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں اور وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔ یوم دفاع کے دن 6 ستمبر 1965ء کو افواج پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کو کاری ضرب لگا کر منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ثابت کردیا کہ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کراچی میں واقع مزار قائداعظم محمد علی جناح پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل عمران خالد تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا اور قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ ایئروائس مارشل عمران خالد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی جس کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ مزارقائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی پریڈ کو سکوارڈن لیڈر علی اکبر نے لیڈ کیا۔ پریڈ میں حصہ لینے والے 102 کیڈٹس میں تین لیڈی کیڈٹس بھی شامل تھیں۔ اس سے قبل مزارقائد پر پاک بحریہ کے کیڈٹس گارڈ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سیّد مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام، سکولوں، کالجز کے طلبہ، والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے کہا ہے کہ ہم سب یک جان ہو کر ملک کو درپیش چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کریںگے ٗ خطے میں تبدیلیوں اورچیلنجز سے با خبر رہنے کی ضرورت ہے۔یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہاکہ یوم دفاع بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جوانوں نے مثالی حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جبکہ قوم مادر وطن کی خاطرجانیں نچھاور کرنے والوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ایئر چیف مارشل نے کہا کہ غیر معمولی مشکلات اسی جذبہ قومیت کے احیاء کے متقاضی ہیں کہ سب یک جان ہو کر ان حالات کا مردانہ وار مقابلہ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ سب عہد مصمم کریں کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ٗ پاک فضائیہ نے فضائی سر حدوں کے دفاع کے لیے بیش بہا قربانیاں دیں ہیں۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا کہنا ہے کہ آج کا دن ارض پاک کے دفاع کے لیے بے لوث ولولے اور قربانی کے جذبے کے احیاء کا تقاضا کرتا ہے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا اپنے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ آج کا دن ارض پاک کے دفاع کے لیے بے لوث ولولے اور قربانی کے جذبے کے احیاء کا تقاضا کرتا ہے، آج پاکستان ہر محاذ پر ثابت قدمی اور پْرعزم انداز سے ترقی کررہا ہے، تاہم پْر امن بقائے باہمی کی دیرینہ خواہش کے ساتھ ساتھ ہمیں خطے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں اور چیلنجز سے با خبر رہنے کی ضرورت ہے،سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی پاکستانی بندرگاہوں ساحلی پٹی اور سمندری راہداریوں کو کسی بھی خطرے سے بچانے کے لیے ہر دم تیار اور چوکنا ہے، اپنی شاندار روایات کو زندہ رکھتے ہوئے آج کا دن ہم اپنے غازیوں اور شہداء کے بے مثال حوصلے، شجاعت اور ثابت قدمی کے نام کرتے ہیں۔