پاک کونسل آف ورلڈ ریلیجن کی طرف سے کیلاش تہوار چلیم جوشٹ ملن پارٹی کا اہتمام

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نما یندہ چترال میل)پاک کونسل آف ورلڈ ریلیجن کی جانب سے سی سی ڈی این کے اشتراک سے کیلاش تہوار چلیم جوشٹ ملن پارٹی کا جمعرات کے روز ایک مقامی ہوٹل میں اہتمام کیا گیا۔جس میں کیلاش اقلیتی کمیونٹی کے علاوہ مسلم کمیونٹی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ اس تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ پی۔سی۔ڈبلیو۔آر کے بنیادی ممبر جان جوزف صدر محفل تھے۔جان جوزف نے پی سی ڈبلیو آر کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک ہی خدا کے بندے ہیں اور آدم کے آولاد ہیں اور ہمارا مقصد مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کی دعوت دینا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ اپنا مذہب مت چھوڑو اور دوسرے کی مذہب کو مت چھیڑو۔ہم سب کا خالق ایک ہی ہے اور ہم ایک ہی خالق کے مخلوق ہیں۔ہمارا کام امن آتشی کا پیغام دینا ہے اور آج کے پروگرام کو کیلاش اقلیت کے موسم بہار کے تہوار چلیم جوشٹ ملن پارٹی کا نام دینے کا مقصد بھی یہ ہے کہ ہم تمام مذاہب کے لوگوں کو ہم آہنگ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پیارے ملک پاکستان میں آمن وآمان کو بحال رکھنے کیلئے مختلف مذہب کے لوگوں کو ہم آہنگ کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ناظم حاجی مغفرت شاہ نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ترقی کرنے کیلئے آمن وآمان بنیادی چیز ہے اور امن امان کو ثبوتاژکرنے کے لئے غیر ملکی سطح پر ہمیں مذہب کے نام پر یاکسی اور طریقے سے تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔اس سے ہمیں باخبر رہنا پڑے گا اور آپس میں اتحاد اور اتفاق سے رہ کران عناصر کے منفی مقاصد کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔چیمبر آف کامرس چترال اور سی سی ڈی این کے چیرمین سابق تحصیل ناظم سرتاج احمد خان نے کہا کہ سی پیک کے آنے کے بعد دشمن کی نظریں ہم پر ہے۔کہیں مذہبی اور کہیں لسانی بنیادوں پر ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ تمام فساد کی جڑ بے روزگاری ہے اور اس سے لوگ فائدہ اٹھارہے ہیں۔ہم نے کسی بھی صورت بے روزگاری پر قابو پانا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیلاش خاتون شاہی گل نے کہا کہ کیلاش اقلیت انتہائی پاسماندہ ہیں،ہمیں وہ مقام نہیں دیا جارہا جو ہمارا حق ہے۔اُنہوں نے مسلم کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج تک ہمیں ان سے کوئی نقصانات نہیں پہنچے اور ہم آپس میں پیار و محبت سے رہ رہے ہیں۔پی۔سی ڈبلیو آر کے کوارڈنیٹر مسعود احمد صلفی نے ادارے کے اغراض ومقاصد بیان کیے اور پروگرام میں شرکت کرنے پر مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے،پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عبداللطیف، خطیب شاہی مسجد مولانا خلیق الزمان،پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما رضت باللہ،،سابق ای ڈی او ہیلتھ شیر قیوم،مولانا عمیر قریشی، کیلاش اقلیت کے وزیر زادہ، شیر محمد اور ناظم محمد رفیع نے بھی خطاب کیا اور آپس میں امن وامان سے رہنے اور بھائی چارہ قائم رکھنے پر زور دیا۔تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض شیر جہان ساحل نے سر انجام دئیے۔