ویلج کونسل ریشن کی طرف سے خواتین تنظیما ت کو سلائی مشین فراہم کئے گئے

Print Friendly, PDF & Email

ریشن (سرفراز شاہد) اتوار کے روز ریشن میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ریشن کے خواتین تنظیمات میں سلائی مشینیں تقسیم کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ویلج کونسل ریشن کی طرف سے خواتین تنظیمات میں سلائی مشین و کمپیوٹر تقسیم کرنے کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جسکی صدارت ممبر تحصیل کونسل سردار حکیم نے کی جبکہ ویلج کونسل ریشن کے ناظم شہزادہ منیر مہمان خصوصی تھے۔ ویلج کونسل ریشن کی خاتون کونسلر لائق بی بی کے مختص فنڈ سے 14 خواتین تنظیمات میں 54سلائی مشینیں اور دو کمپیوٹر تقسیم کئے گئے۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شہزادہ منیر نے کہاکہ محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے علاقے کی ترقی کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین تنظیمات کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ صدر محفل سردار حکیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علاقے کی ترقی انکی اولین ترجیح ہے اور اسکے لئے وہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں اور مقامی تنظیمات کے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی تنظیمات کے نمائندہ خواتین نے اس کو بہت ہی اہم اقدام قرار دیتے لیڈی کونسلر لائق بی بی اور ویلج کونسل کے ناظم و دیگر ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب نمائندگان اپنی طرف سے تعاون فراہم کرتے رہینگے۔