چترال (نمائندہ چترال میل)سماجی اور سیاسی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پرو یز خٹک اور چئیر مین تحریک انصاف عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے دورہ چترال کے دوران وقت نکال کر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال چترال کا دورہ کریں غسل خانوں میں صفائی، سنیٹیشن اور مریضوں کو ملنے والی سہولیات کے بارے میں داخل مریضوں سے معلومات حاصل کریں۔ ہمارے نمائندے نے ہسپتال کے دورے کے موققے پر غسل خانوں کی تصویریں حاصل کی ہیں جو 100 سال پرانی عمارت کے کھنڈرات کا منظر پیش کر تا ہے۔ حالانکہ ہسپتال کو بنے ہو ئے دو سال بھی پورے نہیں ہو ئے۔ صوبائی حکومت نے زچہ اور بچہ کے لئے مفت دوائی اور نقد 3000 روپے دینے کے لئے فنڈ مہیا کیا ہے مگر ہسپتال میں مر یضوں کو 29 اور 30 ہزار روپے کی دوائیں بازار سے لا نا پڑتا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت نے جنر یرٹر اور تیل کے لئے فنڈ مہیا کئے ہیں مگر وارڈ اور او پی ڈی میں ہر وقت تاریکی ہو تی ہے اور بد بو کی وجہ سے ڈاکٹر اور نرس بھی ناک اور منہ ڈھانپ کر راونڈ پر آ تے ہیں۔سماجی اور سیاسی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعلیٰ اور چئیر مین تحریک انصاف کے دورے سے ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال چترال کی حالت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔