چترال بازار کے اندر سڑک کی غیر معیاری مرمت کے کام کا نوٹس لیا جائے۔قاضی فیصل احمد سعید پی پی پی انفارمیشن سیکرٹری

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل)پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چترال کے انفارمیشن سیکرٹری اور ڈسٹرکٹ یوتھ فورم کے صدر قاضی فیصل احمد سعید نے ایک اخباری بیان میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ چترال کے بازار کے اندر سڑک کی مرمت کے کام کا کریڈٹ لینے کے لئے مختلف لوگ آگے آرہے ہیں مگر مرمت کے کام کا معیار کوئی نہیں دیکھتا۔ڈھائی کروڑ روپے کے کام میں ای ٹینڈرکے ذریعے40لاکھ روپے لیکر ٹھیکہ دار نے کام ایک دیہاتی شخص کو سب لٹ کردیا۔دیہاتی شخص کے پاس کام کا تجربہ نہیں۔ٹینڈر کے وقت 30فیصد بیلو دکھایا گیا تھا۔کام دیتے وقت 10فیصد کرکے دیا گیا ہے۔اس طرح ڈھائی کروڑ کے کام میں پہلے دن ہی 70لاکھ روپے کی کرپشن ہوئی۔اس کا حساب کوئی نہیں لیتا۔بیان میں نیب،انٹی کرپشن اور احتساب کمیشن سے اپیل کی گئی ہے کہ اس کام کی انکوائری کے لئے ریکارڈ کوتحویل میں لیا جائے۔نیز ای ٹینڈر کے ذریعے سب لٹ کے غیر قانونی کام کو ختم کیا جائے نیز ای ٹینڈر میں رد وبدل کرکے سرکاری خزانے کو جتنا نقصان پہنچایا گیا اس کا حساب لیا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ اگر متعلقہ اداروں نے غیر معیاری کام کا نوٹس نہیں لیا تو عوام سڑکوں پر نکل آئینگے اور ٹھیکہ دار کو مزید کام کرنے نہیں دینگے۔