چترال کی تعمیرو ترقی ہمارے لئے جتنی اہم ہے۔ چترال کو آفات سے بچانا اُس سے کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ مغفرت شاہ ضلع ناظم چترال

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے۔ کہ چترال کی تعمیرو ترقی ہمارے لئے جتنی اہم ہے۔ چترال کو آفات سے بچانا اُس سے کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اس لئے بحیثیت مسلمان روحانی طور پر اور بطور انسان مادی اسباب اور قدرتی وسائل کو ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام میں لا کر آفات کے نقصانات میں کمی لانے کی کوششیں کرنی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں ڈیزاسٹر رسک گورننس پراجیکٹ چترال کے تعارفی ورکشاپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جو ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، جاد فاؤنڈیشن اور بارسلونا گورنمنٹ کے اشتراک سے بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ فنانس آفیسر نورالامین مہمان خصوصی تھے۔ ورکشاپ میں مختلف سرکاری اداروں کے آفیسران، ، ڈسٹرکٹ، تحصیل اور ویلچ کونسل کے ناظمین و ممبران این جی اوز و سول سو سائٹی کے نمایندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ضلع ناظم نے کہا کہ آیندہ پانچ سال چترال کیلئے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ کیونکہ اس عرصے میں چترال میں بڑے پیمانے پر بجلی کے منصوبے، نیشنل ہائی وے کی شاہراہیں بننے کے بعد زندگی میں غیر معمولی تبدیلی کے امکانات موجود ہیں انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات نے چترال کا حلیہ بگاڑ کے رکھ دیا ہے اور چترال کے وہ تاریخی اور تفریحی مقامات جو سیاحوں اور مقامی لو گوں کی توجہ کا مرکز تھے آج سیلاب اور زلزلے کی وجہ سے اپنی خوبصورتی مکمل طور پر کھو چکے ہیں۔ اس لئے ہمیں باہم مل جُل کر سوچنا چاہیے کہ کیسے سائنسی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں تا کہ اُن کو اپنی اصل حالت میں دوبارہ لا سکیں اور ہمیں مزید سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پروگرام آفیسر فریدہ سلطانہ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کے مقاصد بیان کئے۔ جبکہ پروگرام کو آرڈنیٹر شکیلہ نے پراجیکٹ کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔۔ چیف ایگزیکٹیو سید حریر شاہ نے اس موقع پر شرکاء کی طرف سے اُ ٹھائے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا۔ کہ ہمیں باہمی اشتراک سے کارکردگی بہتر بنانے اور ڈوپلیکیشن سے بچنے میں مدد ملے گی انہوں نے کہاکہ اس پراجیکٹ کی ایک خاص خوبی یہ ہے کہ اسے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی سپورٹ حاصل ہے مہمان خصوصی نور الا مین نے اپنے خطاب میں کہا۔ کہ موجودہ پراجیکٹ کے ذریعے پہلے سے کام کرنے والے اداروں کو ایک پلیٹ فارم میں لانے میں مدد ملے گی جس سے بہتر نتائج نکلیں گے۔