خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان و صوبائی وزیر شاہ فرمان نے امام کعبہ سے ملاقات کی اور انہیں صوبائی حکومت کے اٹھائے گئے اسلامی اقدامات کا تفصیلی مسودہ پیش کیا

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نما یندہ چترال میل)خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان و صوبائی وزیر شاہ فرمان نے امام کعبہ سے ملاقات کی اور انہیں صوبائی حکومت کے اٹھائے گئے اسلامی اقدامات کا تفصیلی مسودہ پیش کیا۔ صوبائی وزیر شاہ فرمان نے جمعرات کے روز پشاور میں امام کعبہ سے ملاقات کی اور انہیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی طرف سے خوش آمدید کہا۔ انہوں نے امام کعبہ سے خیبر پختونخوا حکومت کے اسلامی قوانین پر تبادلہء خیال کیا اور کہا کہ انکی پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا آمد ہم سب کے لئے خوشی کا باعث ہے۔ شاہ فرمان نے مستقبل میں اسلامی قوانین کے نفاذ کے حوالے سے امام کعبہ سے رہنمائی طلب کی۔ ترجمان نے حکومت کی طرف سے امام کعبہ کے دورے کے دوران تفصیلی ملاقات کے لئے وقت بھی مانگا تاکہ صوبے میں اسلامی قوانین کے نفاذ اور اسلامی اقدامات کے فروغ کے لئے انکی رہنمائی حاصل کی جا سکے۔ یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں اسلامی قوانین کے نفاذ کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں نجی سودی کاروبار پر پابندی سمیت، دینی مدارس کے لئے خصوصی فنڈ کے اجراء، نیز پہلی بار ختم نبوت اور سیر ت النبیؐ کے مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے اور پرائمری سکولوں کی سطح پر ناظرہ قرآن جبکہ انٹرمیڈیٹ تک قرآن با ترجمہ پڑھانے سمیت اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے دیگراقدامات شامل ہیں۔ ترجمان نے صوبائی حکومت کے اسلامی قوانین اور اقدار کے فروغ کے لئے مذکورہ اقدامات کے تناظر میں مستقبل کے لائحہ عمل پر امام کعبہ سے تبادلہء خیال کیا اور اس سلسلے میں رہنمائی حاصل کرنے کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے تفصیلی وقت دینے کی درخواست کی۔