ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے انڈر 23کے کھلاڑی بڑی تعداد میں گذشتہ روز سوات پہنچ گئے،

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمایندچترال میل) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا کی زیر نگرانی ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے انڈر 23کے کھلاڑی بڑی تعداد میں گذشتہ روز سوات پہنچ گئے۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چترال عبدالرحمت اُن کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ صدر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسو سی ایشن چترال شمشیر ولی خان بھی اُن کے ہمراہ ہیں۔ فٹبال، والی بال، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، بٹمنٹن، میراتھن اور جمناسٹک کے مقابلوں کیلئے مجموعی طور پر 72کھلاڑی چترال سے شرکت کریں گے۔ اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ چترال سے سوات روانگی کے موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور صدر ڈی ایف اے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔ کہ چترال کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ صرف ان کو مواقع مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا،کہ چترال کے کھلاڑی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جس کا ثبوت یہ ہے، کہ چترال سے تعلق رکھنے والے فٹبال کے چار کھلاڑی انٹر نیشنل لیول پر تربیت حاصل کرنے کیلئے سیلکٹ ہو گئے ہیں۔ جو کہ ایک اعزاز ہے۔ چترال میں مردکھلاڑیوں کے علاوہ خواتین کھلاڑیوں میں بھی بہت زیادہ دلچسپی اور ٹیلنٹ موجود ہے۔ اور وہ مخلتف کھیلوں میں چترال کی بھر پور نمایندگی کر رہی ہیں۔