چترال ( نمائندہ چترال میل )لیڈیز پولیس افسران کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور ادارہ جاتی امور کو بہتر بنانے کے مقصد کے تحت پولیس سہولت مرکز میں ایک خصوصی دربار کا انعقاد کیا گیا۔ دربار کی صدارت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان نے کی.
دربار میں مختلف یونٹس سے تعلق رکھنے والی لیڈیز پولیس افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دربار کے دوران لیڈیز افسران نے کھل کر اپنی پیشہ ورانہ، انتظامی اور فلاحی نوعیت کے مسائل پیش کیے، جن میں ڈیوٹی کے اوقات، سہولیات کی فراہمی، سروس معاملات اور کام کے ماحول سے متعلق امور شامل تھے۔ ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے تمام مسائل کو نہایت توجہ سے سنا اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے، جبکہ دیگر امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اس موقع پر ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے لیڈیز پولیس افسران کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین پولیس افسران فورس کا اہم ستون ہیں اور ان کی سہولت اور عزت نفس کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین افسران کو سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔
دربار کے اختتام پر لیڈیز پولیس افسران نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ ایسے دربار ان کے مسائل کے فوری حل اور پولیس فورس کے اندر مثبت رابطے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔










