چترال ( نمائندہ چترال میل ) چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے پلز (Pulse) کے زیر اہتمام مستقل طور پر ادویات کا استعمال کرنے والے نادار مریضوں کی مدد کیلئے میڈیکل کارڈ کی تقسیم کے سلسلے میں ایک پر وقار تقریب گورنمٹ ہائر سکینڈری سکول آیون کے ہال میں منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی چترال کے ممتاز کاروباری شخصیت اور چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محبوب اعظم تھے۔ جبکہ صدارت کے فرائض پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول آیون عبد الفتاح نے انجام دی۔ دیگر مہمانوں میں چیرمین ویلج کونسل آیون ون وجیہ الدین، چیرمین وی سی ٹو آیون محمد رحمن، اے ایف سی حاجی ریاض احمد، سوشل ایکٹی وسٹ عتیق احمد و دیگر موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے (پلز)کے کوآرڈنیٹر یاسر احمد نے کہا۔ کہ ہم نے نادار مریضوں کو ادویات کی خریداری میں مدد دینے کیلئے پلز میڈیکل کارڈ متعارف کرنے کی کوشش کی ہے۔ جس کے ذریعے مریض پچاس فیصد ڈسکاؤنٹ پر مریض اپنی ادویات مقرر کردہ میڈیکل سٹور سے حاصل کر سکیں گے۔ اسی طرح نوجوانوں کو کاروباری طور پر اپنے پاؤں کھڑا کرنے کیلئے ای کامرس کا آغاز کر دیا ہے۔ ہماری کوشش ہے۔ کہ آیون کے نوجوانان آن لائن کاروبار کی تربیت حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین کا سہارا بنیں، بلکہ چترال اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ مہمان خصوصی معروف بزنس مین حاجی محبوب اعظم نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے مثبت سوچ کی تعریف کی۔ اور کہا۔ کہ پلز کے دو نوں کام انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ نادار مریضوں کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تربیت دے کر آن لائن بزنس کیلئے تیار کرنا مثبت سوچ کی عکاس ہے۔ اس سلسلے میں چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آیون کے نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے میں بھر پور معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا۔ کہ طلباء ملازمت کی حوصلہ شکنی کریں اور خود کو کاروبار کیلئے تیار کریں، انشاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ انہوں نے کہا۔ کہ میں نے بتیس ہزار روپے پر کاروبار کا آغاز کیا تھا۔ اللہ پاک نے کامیابی دی۔ انہوں نے پلز میڈیکل کو پلز فاؤنڈیشن بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اور کہا۔ کہ چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس کو اپنے ساتھ رجسٹرڈ کرے گی۔ اور ہر ممکن تعاون کرے گی، انہوں نے پلز کو میڈیکل کے علاؤہ دیگر شعبوں میں بھی کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا، قبل ازین چیرمین وی سی آیون ون وجیہ الدین نے اپنے خطاب میں کہا۔ کہ ہر کام کیلئے اخلاص انتہائی ضروری ہے۔ عبد الستار ایدھی نے اخلاص کے ساتھ ایدھی فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی۔ آج پورے پاکستان اور دنیا میں ان کا نام روشن ہے۔ چیرمین وی سی ون محمد رحمن نے طلبہ سے کہا۔ کہ طلبہ پہلے اپنی تعلیم اس کے بعد بزنس پر توجہ دیں۔ کیونکہ دنیا دن بدن جدیدیت کی طرف رواں دواں ہے۔ اس لئے موجودہ دور میں زندہ رہنے اور کامیابی کیلئے جدید تعلیم بنیادی ضرورت ہے، صدر محفل پرنسپل عبدالفتاح نے طلبہ اور حاضرین پر زور دیا، کہ وہ رزق حلال کے حصول کیلئے جدو جہد کریں۔ اور خدا کی یاد سے غافل نہ ہوں۔کیونکہ ہمیں آخر کار خدا کے پاس ہی جانا ہے، سیف الدین نیای کامرس کے حوالے سے اپنے تجربات حاضرین اور طلبہ کے ساتھ شئیر کیں۔ اور ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کے اختتام پر پلز میڈیکل کارڈ مستحقین میں تقسیم کئے گئے۔





