جماعت اسلامی ضلع لویر چترال کے اراکین کا مایوس کن رزلٹ پر ضلعی امیر سے لیکر صوبائی اور مرکزی امیر تک کو اس کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان سے فوری استعفی کا مطالبہ۔

Print Friendly, PDF & Email

 

چترال (نمائندہ چترال میل) جماعت اسلامی ضلع لویر چترال کے اراکین نے حالیہ عام انتخابات میں چترال میں انتہائی مایوس کن انتخابی ریزلٹ پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی امیر سے لے کر صوبائی اور مرکزی امیر تک کو اس کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پارٹی کو دوبارہ مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جاسکے۔ اتوار کے روز جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر میں منعقدہ اراکین اور چیدہ کارکنان کے الیکشن جائزہ کے حوالے سے اجلاس میں موجود ذرائع نے بتایاکہ چترال ہمیشہ سے جماعت کا گڑھ رہا ہے جہاں سے کئی دفعہ ایم این اے، ایم پی اے اور لوکل گورنمنٹ میں چیر مین ڈسٹرکٹ کونسل اور ضلع ناظم بھی منتخب ہوتے رہے ہیں لیکن اس دفعہ قیادت کی ناکامی اور نااہلی کی بنا پر کامیابی شکست میں بدل گئی اور ضلعی امیر، صوبائی امیر اور مرکزی امراء کی نااہلی اور غفلت سے یہ سانحہ رونما ہوا۔ ارکان نے کہاکہ مرکز اور صوبے سے فیصلہ جات کو ضلع کے اراکین پر تھوپنے کا انجام اسی طرح نکلتا ہے جوکہ مولانا مودودی کی قائم کردہ اس جماعت کو افسر شاہی کے اسٹائل پر چلانے کی سنگین غلطی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی امیر سراج الحق، صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم اور ضلعی امیر مولانا جمشید کو چاہئے کہ وہ اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرے اور اپنی غلطی تسلیم کرے اور کرسی کے ساتھ چمٹ کر رہنے اور جماعت کو مزید نقصان پہنچانے کی بجائے اپنے آپ کو فوری طور پر امارت سے الگ کرکے عبوری نظم کے حوالے کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ضلع بھر میں کارکنان میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے اور حالات ناقابل واپسی نہج پر جانے سے پہلے کوئی قدم اٹھایا جائے تاکہ نقصان کا حجم مزید نہ بڑھ جائے۔