منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ناصر محمود ڈسٹرکٹ پولیس افیسر لویر چترال

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) ڈسٹرکٹ پولیس افیسر لویر چترال ناصر محمود نے کہا ہے کہ چترال ایک پرامن علاقہ ہے جہاں کے رہنے والے امن وامان کو اپنی پہلی ترجیح پہ رکھتے ہیں اور اپنی صدیوں پرانی تہذیب وثقافت کو بھی مضبوطی سے تھامے ہوئے ہیں اور چترال پولیس کا یہ عزم ہے کہ ایسے علاقے میں منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور منفی معاشرتی سرگرمیوں کی کوئی گنجائش اس ضلعے کے حدود میں نہیں ہے۔ لویر چترال کے ڈی پی او کا چارج لینے کے بعد چترال پریس کلب کے وفد کے ساتھ تعارفی نشست میں انہوں نے کہاکہ منشیات کا کاروبار کرنے والے نئی نسل کو تباہی کے راستے پر ڈال رہے ہیں اور یہ سب کا مشترکہ دشمن ہیں اور معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان دشمنوں کا قلع قمع کرنے میں پولیس کا ساتھ دے۔ انہوں نے چترال کے دیگر سماجی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اور عوام کے درمیان ایک خوشگوار تعلق بناکر ہی ان پر قابو پایا جاسکتا ہے اور وہ اس سلسلے میں قابل عمل منصوبہ بندی کریں گے۔ اس سے قبل چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین کی قیادت میں وفد نے انہیں امن وامان کے حوالے سے زمینی حقائق سے آگاہ کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں سیف الرحمن عزیز، شہریار بیگ، فخر عالم، نور افضل خان،عبدالغفار، محمد رحیم بیگ، بشیر حسین آزاد، نذیر احمد شاہ شامل تھے۔