گرم چشمہ وادی میں گزشتہ ایک ہفتے سے ٹیلی نار سروس مکمل بند

Print Friendly, PDF & Email

گرم چشمہ (نمائندہ چترال میل)گزشتہ ایک ہفتے سے گرم چشمہ وادی اور ملحقہ علاقوں میں ٹیلی نار سروس مکمل طورپر بند ہے۔ جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ ملک اور ملک سے باہر رہنے والے علاقے کے باشندے بھی کئی دنوں سے اپنے پیاروں سے رابطہ کرنے میں ناکام ہیں۔ حالیہ دنوں ہونے والی بارش اور برف باری کے بعد اپنے گھروں سے دور رہنے والے افراد شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں کہ ان کا اپنے گھروالوں سے رابطہ نہیں ہوپا رہا ہے۔ جبکہ علاقے میں موجود وہ طالب علم جن کے تمام تر تعلیمی سرگرمیوں کا انحصار ٹیلی نار کے فور جی سروس پرہے وہ الگ سے پریشان ہیں۔کیونکہ روزانہ کی بنیاد پرہونیوالے کلاسز سے وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے محروم ہیں۔
سماجی کارکن قیمت خان نے ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی نار کی سروس کئی مہینوں سے انتہائی ناقص سروس مہیا کررہا ہے مگر گزشتہ ایک ہفتے سے تمام سروس مکمل طور پر بند کرنا اور اس کی بحالی کے لئے کوشش نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹیلی نار کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی احتجاج کو حکومتی اور ٹیلی نار انتظامیہ کی جانب سے کسی خاطر میں نہ لانا مسائل پیدا کرسکتا ہے۔ ہم حکومت اور ٹیلی نار کے ذمہ داروں سے اپیل کرتے ہیں کہ تمام سروس جلد بحال کئے جائیں ورنہ عوام کو احتجاج سے روکنا بس سے باہر ہوجائے گا۔سماجی کارکن شیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم کافی عرصے سے ٹیلی نار کے متاثریں میں شامل ہیں مگر اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے۔ ٹیلی نار والے اپنے پیسے تو کھرے کررہے ہیں مگر لوگوں کو سروس مہیا کرنے پر کسی صورت تیار نہیں۔ بلکہ ٹیلی نار کے مسائل کے بارے میں رپورٹنگ کرنے پرصحافیوں کے خلاف کیس بنائے جارہے ہیں۔ یہ رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے جو کہ اس جدید دور میں بھی آن لائن کلاسز لینے سے محروم کردیئے گئے۔