کوہ یونین کونسل میں زرخیز زرعی اراضی کے لئے مشہور گاؤں مروئے میں کسانوں نے محکمہ زراعت کے شعبہ توسیع کے زیر اہتمام یک روزہ تربیتی پروگرام کے انعقاد کو انتہائی مفید ا ور بروقت قدم قرار د یا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) کوہ یونین کونسل میں زرخیز زرعی اراضی کے لئے مشہور گاؤں مروئے میں کسانوں نے محکمہ زراعت کے شعبہ توسیع کے زیر اہتمام یک روزہ تربیتی پروگرام کے انعقاد کو انتہائی مفید ا ور بروقت قدم قرار دیتے ہوئے ان کی تعداد میں اضافہ اور کسانوں کا محکمے کے ساتھ رابطہ کار میں وسعت کا مطالبہ کیا اور کہاکہ وہ اپنی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ہر قدم پر اس محکمے کی رہنمائی اور مدد کا طلب گار ہیں۔ اس موقع پر کسانوں کے نمائندوں غفار لال، حمید اللہ، عزیزالرحمن لال اور دوسروں نے محکمہ زراعت کی طرف سے کسانوں کی بہبوداور زراعت کو ترقی دینے کے حوالے سے سرگرمیاں شروع کرنے اور کسانوں کے ساتھ رابطے قائم کرنے پر محکمے کے افسران کی کوششوں کو سراہا۔ اس سے قبل محکمہ زراعت کے سبجیکٹ میٹر سپیشلسٹ رفیق احمد اورایگریکلچر افیسر شہزادایوب نے مختلف زرعی فصلوں اور سبزیوں کی کاشت کے سائنسی طریقہ کار، ان کی بہتر دیکھ بال اور امراض کے حوالے سے تربیت فراہم کی اور کسانوں کو درپیش مسائل کے بارے میں ان کو تفصیل سے معلومات فراہم کی۔ کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے رفیق احمد نے کہاکہ کسانوں اور محکمہ زراعت کے ایکسٹنشن ونگ کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لئے ماڈل فارم سروس سینٹر وں کا قیام ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر عمل میں لائے گئے ہیں جوکہ علاقے کے کسانوں کا منتخب نمائندوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کو اس پلیٹ فارم کے ساتھ اپنے آپ کو منسلک کرکے فوائد حاصل کرنا چاہئے۔ اس موقع پر موجود ماڈل فارم سروسز سنٹر کے صدر فرید احمد اور نائب صدر جناب شریف حسین نے بھی کسانوں کو محکمے اور ماڈل فارم سروس سینٹر کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔پروگرام کے اختتام پر کسانوں کو محکمے کی جانب سے محتلف سبزیات کے بیج بھی تقسیم کئے گئے۔