مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم کا اعزاز حاصل کرنے والی محترمہ بے نظیر بھٹو کی تیرہویں یوم شہادت کے سلسلے میں چترال لویرمیں تقریب کا انعقاد۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم کا اعزاز حاصل کرنے والی محترمہ بے نظیر بھٹو کی تیرہویں یوم شہادت کے سلسلے میں چترال میں منعقدہ تقریب میں پارٹی کارکنوں نے جمہوریت اور غریبوں کے حقوق کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھٹو خاندان کی تاریخ دراصل لازوال قربانیوں کی تاریخ ہے اور چترال سے لے کر کراچی تک غریب اسی پارٹی کو اپنے لئے نجات دہندہ قرار دیتے ہیں۔ مقامی ہوٹل میں پی پی پی ضلع لویر چترال کے صدراور سابق صوبائی وزیر سلیم خان کے علاوہ دوسرے رہنماؤں قاضی سجاد، فتح اللہ لال، نذیر استاذ، میردولہ جان، توصیف احمد،شریف حسین، بشیر احمد خان، عبدالحمید ایڈوکیٹ، رستم خان، اقبال حیات اور دوسروں نے جمہوریت کے لئے شہید بے نظیر بھٹو اور ان کے خاندان کی قربانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں گئی اور فوجی ڈکٹیٹروں اور غیر جمہوری قوتوں کے سامنے آج اگر سینا تان کر کھڑا ہونے کی ہمت پیدا ہوئی ہے تو وہ اسی قربانی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے چترال کی پسماندگی دور کرنے میں بھٹو خاندان کی ذاتی دلچسپی اور اس علاقے پر خصوصی توجہ پر روشنی ڈالی اور کہاکہ بروغل سے لے کر ارندو تک بچہ بچہ پی پی پی کی خدمات سے آگاہ ہے۔ پی پی پی کے رہنماؤں نے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ غریبوں کی بجائے اس کے لیڈر اپنی جیبوں کو بھرنے میں مصروف ہیں جس کا مثال حال ہی میں زکواۃ کمیٹی کی طرف سے ایک کروڑ 30لاکھ روپے کی بندر بانٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کے تین سڑکوں کے بارے میں بھی پی ٹی آئی حکومت چترالیوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے جبکہ حقیقت ہر ایک معلوم ہے کہ سڑکوں کی ان منصوبہ جات کو انہوں نے اے ڈی پی سے ہی نکال دیا ہے۔ انہوں نے گیس پلانٹ کے سابق حکومت کے منصوبے کو ختم کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بحالی کا مطالبہ کیا۔۔