ٹھیکہ دار برادری کے لئے ٹینڈروں میں آسانی پیدا کرنے پر شکریہ۔ آل گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسو سی ایشن ضلع چترال

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) آل گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن ضلع چترال کے صدر نور احمد، جنرل سیکرٹری فضل الرحمن اور دوسرے ٹھیکہ داروں سیف الرحمن، محمد ولی شاہ، محمد شریف،مجیب الرحمن اور دوسروں نے کہا ہے کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چترال کے تحصیل افیسر انفراسٹرکچر نور نواز خان کے تبادلے اور مقامی انجینئر کی پوسٹنگ کا خیر مقدم کرتے ہوئے صوبائی وزیر کامران بنگش اور معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ وزیر زادہ اور چترال سے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے چترال کے ٹھیکہ دار برادری کے لئے ٹینڈروں میں آسانی پیدا کی اور ان کے مطالبے پر انجینئر نور نواز کا تبادلہ بھی کرادیا۔ جمعہ کے روز چترال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز اسرار الدین نامی ایک ٹھیکہ دار نے چند ملازمت پیشہ افراد اور دکانداروں کو ساتھ لے کر نورنواز خان ٹی او آئی کے حق میں بیان بازی کی جس کی ہم پُر زورمذمت کرتے ہیں ا ور ان کے روئیے سے یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ مذکورہ ٹھیکہ دار اس ٹرانسفر شدہ انجینئر کو واپس لانا چاہتے ہیں تاکہ اپنے مفادات ان سے حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ نور نواز خان کافی عرصے سے چترال میں تعینات تھے اور اب ان کاچترال سے تبادلہ ضروری ہوگئی تھی۔انہوں نے انجینئر سیف الرحمن کے خلاف ان نام نہاد ٹھیکہ داروں کی ہرزہ سرائی اور بے بنیاد الزام کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی دیانت داری اور پیشہ ورانہ قابلیت کے ساتھ ساتھ فرض شناسی کے لئے مشہور ہے اور چترال میں سب کو قابل قبول ہے۔ انہوں نے کہاکہ نورنواز خان کی حمایت میں جو لوگ اپنے آپ کو ٹھیکہ دار ظاہر کرکے پریس کانفرنس کررہے تھے، ایک کے سوا کوئی ٹھیکہ دار نہیں تھا بلکہ ان میں ایک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور دوسرا محکمہ بلدیات کا کلاس فور ملازم تھا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے ڈبل انویلپ ٹینڈر کے طریقہ کار کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ اس سے محکمہ جات کو ذاتی پسند وناپسند کی بنیاد پر ٹھیکے بندر بانٹ کا موقع ملتا ہے جس سے حکومتی خزانے کو زبردست نقصان لاحق ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ٹھیکہ دار برادری اس ناانصافی کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ بھی دائر کرے گی۔