مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش کا ہر ضلع میں تعلیم کے حوالے سے کھلی کچہری کے انعقاد کا فیصلہ

Print Friendly, PDF & Email

مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ صوبہ بھر کے تمام ضلعوں میں تعلیم کے حوالے سے کھلی کچہری کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیاہے اورصوبائی بجٹ کے بعد وہ ہزارہ ریجن کے اضلاع سے اس مہم کا آغاز کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ کھلی کچہری میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم، ڈائریکٹر ایجوکیشن اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے جس میں براہ راست عوام، اساتذہ، والدین اور ملازمین کی شکایات سنی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز پشاورمیں میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کھلی کچہری میں اساتذہ، والدین، طلباء اور باقی ملازمین کے مسائل کا ادراک کیاجائیگا اور اضلاع کے دوروں کے موقع پر سکولوں اور تعلیمی دفاتر کا جائزہ اور متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ لی جائیگی اورعوام کو تعلیم کے حوالے سے درپیش مسائل وہ خود سنیں گے۔ مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ صوبے کے دور دراز کوہستان اور تورغر جیسے اضلاع پر بھرپور توجہ دی جائے گی اوران اضلاع میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے موثراقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ متعلقہ ادارے کے حوالے سے درپیش مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جاسکے۔ صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ جلدہی محکمہ تعلیم میں شکایات سیل بھی قائم کریں گے، جس میں عوام اپنی شکایات بذریعہ ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور ای میل بھیج سکیں گے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے سنجیدہ ہیں اور اس سلسلے میں موثراقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔