پشاور(نما یندہ چترال میل)خیبر پختونخوا بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے الحاق شدہ تمام کالجوں اور اداروں کیلئے مذکورہ بورڈ کے تحت ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر(DAE) کے سالانہ امتحانات 25اپریل2018سے شروع ہوں گے مذکورہ بورڈ کے اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات کے دفتر میں امتحانی داخلہ فارم اور فیس جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ امتحانات کیلئے امتحانی داخلہ فارم اور فیس بغیر لیٹ فیس 22فروری2018تک جمع کرائی جا سکتی ہے جبکہ220روپے لیٹ فیس کے ساتھ یکم مارچ تک،دگنی امتحانی فیس کیساتھ8مارچ اور تین گنا امتحانی لیٹ فیس کے ساتھ15مارچ2018تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔مذکورہ بالا آخری تاریخ کے بعد کسی امتحانی داخلہ فارم پر غور نہیں کیا جائیگا۔اس امر کا اعلان خیبر پختونخوا بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن پشاور کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کیاگیا۔
پشاور(نما یندہ چترال میل)صوبائی حکومت نے محکمہ خزانہ اور اکاؤنٹس دفاتر کی صلاحیت اور استعداد کار بڑھانے کے لئے بجٹ اور تنخواہوں کی ادائیگی کا نیا مربوط مالیاتی نظام(IFMIS) نافذ کیا ہے جس کی بدولت شفافیت اور نگرانی کا نظام مزید بہتری کی طرف گامزن ہے۔ضروری چھان بین کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ بعض ملازمین کے بنیادی کوائف جو تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے ضروری ہیں مہیا نہیں کئے گئے ہیں لہذا محکمہ خزانہ نے ان تمام ملازمین کی فہرست بمعہ کوائف محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی ہے جو کہ مندرجہ ذیل لنک کے ذریعے وصول کئے جاسکتے ہیں۔www.financekpp.gov.pk/infodesk/pressreleasesہذا تمام متعلقہ محکموں اور ملازمین سے گزارش ہے کہ ضروری درکار معلومات جو کہ متعلقہ اکاؤنٹس آفس سے تصدیق شدہ ہو ں ایف۔ایم۔آئی یو محکمہ خزانہ کو25دسمبر 2017 سے پہلے مہیا کئے جائیں بصورت دیگر ان ملازمین کے پے رول درکار معلومات کے مہیا ہونے تک روکے رہیں گے۔