ہر ضلع میں بھرتیوں،ترقیوں اورتبادلوں میں کوئی اقرباء پروری اورجانب داری نہیں ہونی چاہیئے۔ خیبر پختونخواہ برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم

Print Friendly, PDF & Email

(چترال میل رپورٹ)خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم کا ایک اجلاس رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف کی زیرصدارت اسمبلی سیکرٹریٹ پشاورمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی ملیحہ علی اصغر خان، معراج ہمایون خان، مفتی سید جنان، سیکرٹری اورڈائریکٹر ابتدائی وثانوی تعلیم اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بی ایڈ آنرز کی ڈگری کی اہلیت کا مسئلہ،سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات،زلزلے سے متاثرہ سکول کی از سر نو تعمیر، تحصیل غازی کے سکولوں میں خالی آسامیوں،ضلع ہنگوں کے ایجوکیشن دفتر مردانہ اوردیگر اہم موضوعات پرتفصیلی بحث ہوئی۔ کمیٹی نے ضلع ہنگو کے ایجوکیشن دفتر کی کارکردگی کے حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی۔ چیئرمین نے ڈائریکٹر ایجوکیشن کو ہدایت جاری کی کہ ہر ضلع میں بھرتیوں،ترقیوں اورتبادلوں میں کوئی اقرباء پروری اورجانب داری نہیں ہونی چاہیئے اور ترقیاں حکومت کی مروجہ پالیسی کے مطابق ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے ذریعے میرٹ پرہونی چاہیئے۔