خواتین کی ترقی انسانی ترقی کا پیش خیمہ ہے،خیبر پختونخوا میں خواتین کو بااختیار بنانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔پرویز خٹک وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نما یندہ چترال میل)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی انسانی ترقی کا پیش خیمہ ہے،خیبر پختونخوا میں خواتین کو بااختیار بنانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا میں خواتین کی بااختیاری کے لیے ترتیب دی گئی پالیسی کی لانچنگ تقریب سے خطاب میں کیا جس کا انعقاد محکمہ سوشل ویلفئیر اور خیبر پختونخوا کی خواتین اراکین کی کاکس کمیٹی کی جانب سے کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیراطلاعات شاہ فرمان،صوبائی اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر مہرتاج روغانی،ویمن کاکس کمیٹی کی چئیرپرسن معراج ہمایوں،یو این ویمن کے کنٹری ہیڈ جمشید قاضی اور خواتین اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔خیبر پختونخوا کی خواتین کے لیے ویمن ایمپاورمنٹ پالیسی محکمہ سوشل ویلفئیر،خواتین پارلیمنٹیرینز کاکس کمیٹی اور یو این ویمن کی جانب سے مشترکہ طور پر پر تیار کی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں خواتین کے حقوق و تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے 16روزہ بین الاقوامی مہم چلانے کو خوش آئند امر قراردیتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد کو ماضی کا حصہ بنانا ہوگا۔ صوبائی حکومت نے خواتین کو تعلیم،صحت،انصاف تک رسائی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں،اس پالیسی کی بدولت خواتین کی سیاسی،سماجی،معاشی اور قانونی حالات کو مجموعی طور پر بہتر بنانے میں سہولت ہوگی۔وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں خواتین کو جائیداد میں وراثت،انصاف تک رسائی،تعلیم اور دیگر شعبوں میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پالیسی خواتین کے ساتھ عدم امتیاز،صنفی تفریق و تشدد کے خاتمے اور انھیں حقوق کی فراہمی کے لیے معاون ثابت ہوگی۔صوبائی کابینہ نے روزگار کرنے والی خواتین کو موافق ماحول کی فراہمی اور انکے تحفظ کی خاطر کام کرنے کی جگہ پر ہراساں کرنے سے بچاؤ کے لیے بل کی منظوری دی ہے جبکہ جلد ہی خواتین کے تحفظ کے لیے گھریلو تشدد سے بچاؤ اور جلانے سے بچاؤ اور بحالی کے لیے دو اور بل بھی پیش کیے جائیں گے۔خواتین کی سہولت کے لیے سیکرٹیریٹ میں ڈے کئیر سنٹرقائم کیا جائے گا۔اس موقع پر ویمن کاکس کمیٹی کی چئیرپرسن معراج ہمایوں نے صوبے میں خواتین کے حقوق و تحفظ کے حوالے سے کام میں دلچسپی پر صوبائی حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کے حوالے سے قانون سازی میں سنجیدہ ہے،صوبائی اسمبلی کی خواتین اراکین کی کاکس کمیٹی کو بھی اعزاز حاصل ہے کہ دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ فعال اور متحرک ہے اسی لیے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے نہ صرف پالیسی تشکیل دی گئی ہے بلکہ اسکے نافذالعمل کرنے کے لیے اور محکموں میں اس پر عملدرآمد کی جانچ کے لیے مکمل طریقہ کار بھی اس پالیسی میں وضع کردیا ہے۔انھوں نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اعظم خان کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے پالیسی کی تیاری میں تعاون فراہم کیا۔تقریب سے خطاب میں یو این ویمن کے جمشید قاضی نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں بااختیار بنانے کی کاوشوں کو قابل ستائش قراردیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی طرز پر دوسرے صوبوں کو بھی ویمن ایمپاورمنٹ پالیسی نافذ کرنی چاہیئے۔ خیبر پختونخوا کی ویمن امپاورمنٹ پالیسی کے تحت خواتین کے لیے روزگار مواقع کی فراہمی،پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کو سہولیات کی فراہمی،خواتین پر تشدد کے خاتمے اور انکے لیے سازگار ماحول فراہمی کے حوالے سے گائیڈ لائنز دی گئی ہیں جبکہ قانون سازی اور فیصلہ سازی کے امور میں خواتین کا حصہ بڑھانے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔