خیبر پختونخوا میں عالمی یوم امراض قلب منایا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email

(چترال میل رپورٹ)عالمی یوم امراض قلب پورے خیبر پختونخوا میں منایا گیا۔اس موقع پر مختلف پروگرام منعقد کئے گئے جن میں عوامی آگاہی کیلئے واک، فری میڈیکل کیمپ کے ساتھ ساتھ امراض قلب سے بچاؤ کیلئے سمپوزیم بھی منعقد کئے گئے جبکہ پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال، خیبر ٹیچنگ ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور کوہاٹ، صوابی، نوشہرہ، مردان، سوات، بنوں اور ڈی آئی خان میں بھی مختلف پروگرام منعقد کئے گئے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ، پروفیسر ڈاکٹر زاہد اسلم، پروفیسر ڈاکٹر عدنان اور پروفیسر ڈاکٹر امبر اشرف نے پی سی پشاور میں سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے دل کے امراض کے اہم خطرات اور اس مرض سے بچاؤ کی تدابیر پر روشنی ڈالی اور مشترکہ تجزیے کی نشست میں حاضرین بشمول جنرل پریکٹیشنرز، صحت کے ماہرین، نرسز، کارڈیک ٹیکنیشرز اور نوجوان میڈیکل افسران کو اس سلسلے میں جدید تحقیق اور علاج سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر امبر اشرف نے مختلف خطرات سے متعلق آگاہ کیا جن میں ہائیر ٹینشن، ذیابیطس، تمباکو نوشی، خواتین میں دل کے امراض، شوگر، کولیسٹرول اور موٹاپا شامل ہیں۔خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ امراض قلب نے پاکستان کارڈیک سوسائٹی کے بینر تلے، ورلڈ ہارٹ فیڈریشن کے تعاون سے عام لوگوں کو امراض قلب کے بارے میں مسائل کے بارے میں آگاہی اور شعور کی بیداری کیلئے یہ دن منایا۔