چترال (محکم الدین) ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور کلرز کے باہمی تعاون سے چترال میں پہلا یوتھ نعت خوانی مقابلہ ضلع کونسل ہال چترال میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ مہمان خصوصی،ضلع نائب ناظم مولانا عبد الشکور صدر محفل اور اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم اعزازی مہمان تھے۔ جبکہ پروگرام کے آرگنائزر مہتاب ضیاب تھے۔ جیوری کے فرائض مولانا اسرار الدین الہلال، مولانا حافظ خوشولی خان اورقاری فضل اعظم نے انجام دی۔ مقابلے میں چترال کے سر کاری اور پرائیویٹ سکولوں و مدرسوں کے بارہ طلباء نے پہلی نشست میں حصہ لیا ۔ جس میں شاہ سفیرالدین جامعہ اسلامیہ ریحانکوٹ نے پہلی، عدنان یوسف گورنمنٹ ہائی سکول ایون نے دوسری اور وقاص اسد الحکمت ایجوکیشن اکیڈیمی جغور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ عظمت الدین، ارباز نعیم نے فرنٹیر پبلک سکول، آفاق احمد،محمد زوہیب نے تریچمیر پبلک سکول،حماد بشیر اور محمد فہیم نے ڈائمنڈ پبلک سکول، وجاہت اللہ نے گورنمنٹ مڈل سکول جغور، سیف الرحمن، فرقان اویس نے چترال پبلک سکول کی نمایندگی کی۔ نعت خوانی کے دوسرے مرحلے میں دیگر نعت خوانوں نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ضلع ناظم چترال نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کہ اللہ پاک نے ہمیں خیر اُمت کی صورت میں کلمہ طیبہ کے ساتھ پیدا کیا۔ اور روزوں میں اللہ اور اسُکے رسول کی خوشنودی کے حصول کیلئے اس قسم کی بابرکت محافل انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ گو کہ اس موقع پر سیاسی گفتگو مناسب نہیں۔ لیکن مجھے مجبورا یہ بات کرنی پڑ رہی ہے۔ کہ دینی قوتوں کے اتفاق و اتحاد سے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے قیام سے بعض لوگوں کے پیٹ میں بہت زیادہ مروڑ ہے۔ اور وہ مختلف طریقوں سے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ جس طرح رسول پاک نے عبداللہ بن اُبی کی منافقت سے باخبر ہونے کے باوجود اُس کے ساتھ گزارہ کیا۔ اسی طرح ہم اپنے ان بھائیوں کے بُغض کے ادراک کے باوجود ان کے ساتھ چلیں گے۔ اور انشا اللہ بدخواہوں کو ناکامی ہوگی۔ اگرچہ چترال انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ وہ آیندہ بھی اس قسم کے محافل کی سرپرستی کریں گے۔ انہوں بہتریں محفل نعت خوانی منعقد کرنے پر مہتاب ضیاب کی تعریف کی۔ضلع نائب ناظم نے کہا۔ کہ ہمارے معاشرے میں نوجوانوں کو صرف سپورٹس تک محدود کردیا گیا ہے۔ اور ہم نے پہلی مرتبہ اُن کو سپورٹس کے ساتھ ساتھ نعت خوانی کی طرف راغب کیا ہے۔ اور آیندہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر نگرانی کوئز اور دیگر معلوماتی پروگرام یوتھ کیلئے منعقد کئے جائیں گے۔ تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اُجاگر کیا جا سکے۔ اعزازی مہمان اسسٹنٹ کمشنر عبدالاکرم نے کہا۔ کہ انسانوں کے اندر تاریکیوں کو دور کرنے کیلئے اللہ پاک نے اپنے نبی کو مبعوث کیا۔ اور اپنی عظیم کتاب قرآن جو انسانوں کیلئے ضابطہ حیات ہے نازل فرمایا۔ جو بھی انسان نبی پاک کی زندگی اور قرآن کو اپنا مشعل راہ بنائے گا۔ وہ کامیاب ہو گا۔ پروگرام کے اختتام پر نعت خوانی میں حصہ لینے والے کامیاب طلبہ میں شیلڈ اور ٹرافی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر مہتمم مدرسہ ضیاء القرآن مولانا اسرار الدین الہلال نے ضلع نائب ناظم مولانا عبد الشکور، اسسٹنٹ کمشنر عبدالاکرم اور صحافیوں میں قرآن پاک کے نسخے تقسیم کئے۔ پروگرام کے آخر میں نعت خوانی میں بھر پور دلچسپی لینے پر کلرز کے چیف مہتاب ضیاب نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔