سیلاب سے متاثرہ علاقہ بمباغ میں ابنوشی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے سی ڈی ایل ڈی پراجیکٹ کے تحت 42لاکھ روپے کی منظوری پر متعلقہ حکام کا شکریہ۔سماجی کارکن عبداللہ جان

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) بمباغ موڑکھو کے سماجی کارکن عبداللہ جان نے 2015ء میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ بمباغ میں ابنوشی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے سی ڈی ایل ڈی پراجیکٹ کے تحت 42لاکھ روپے کی منظوری پر ضلع ناظم، ڈی۔سی چترال، تحصیل ناظم مستوج اور سی ڈی ایل ڈی کے ایڈمنسٹریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ بمباغ ایریگیشن چینل کی دو سال قبل دریا بردگی کے بعد علاقے میں زراعت کا بالکل خاتمہ ہوگیا تھا اور ہزاروں پرانے درخت بھی سوکھ گئے تھے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاہے کہ بمباغ کے عوام اس پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل چاہتے ہیں کیونکہ علاقے میں ابپاشی کے لئے ابھی ایک بوند پانی بھی دستیاب نہیں ہے جبکہ یہ زرخیز علاقہ موسمی سبزیوں اور چاؤل کی فصل کے ساتھ مختلف پھلوں کی تجارتی پیمانے پر پیدوارکے لئے مشہور تھا جبکہ اس علاقے کا چیری ملک کے دیگر حصوں میں بھی مارکیٹنگ کی جاتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ نہر کی دریا بردگی سے علاقے میں سینکڑوں لوگ بے روزگار ہوگئے تھے اور زراعت سے وابستہ لوگ مال مویشی پالنا بھی چھوڑ دیا تھا جس سے خاطر خواہ آمدن حاصل ہوتی تھی۔