چترال ( نمائندہ چترال میل )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر کی زیرِ صدارت ڈی.پی.او آفس بلچ میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، میٹنگ میں ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل چترال احمد عیسی، ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل دروش سجاد حسین، ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل بمبوریت حسن اللہ، ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل لٹکوہ اقبال الدین سمیت ضلع بھر کے تمام ایس۔ایچ۔اوز نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، منشیات کے خلاف کارروائیوں، زیرِ تفتیش مقدمات اور دیگر اہم پولیس امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے افسران کو جرائم کی روک تھام، منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر اور ٹارگٹڈ کارروائیوں، زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ پر جلد نمٹانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کیں۔






