لوئر چترال پولیس افسران کے اعزاز میں ڈی۔پی۔او آفس بلچ میں خصوصی تقریب

Print Friendly, PDF & Email

چترال ( نمائندہ چترال میل )لوئر چترال پولیس افسران کے اعزاز میں ڈی۔پی۔او آفس بلچ میں خصوصی تقریب

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) کی زیرِ صدارت ڈی۔پی۔او آفس بلچ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سے سب انسپکٹر کے رینک پر ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر ایس۔پی۔ایلیٹ فورس عتیق الرحمن، ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل چترال احمد عیسی، ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل دروش سجاد حسین،ڈی۔ایس۔پی لیگل شیر محسن الملک،ڈی۔ایس۔پی سی۔ٹی۔ڈی قیوم خان اور دیگر پولیس افسران بھی شریک تھے۔

تقریب کے دوران ترقی پانے والے افسران کو رینک بیجز لگائے گئے۔

ڈی۔پی۔او لوئر چترال ریشم جہانگیر کے ہمراہ ترقی پانے والے افسران کے والدین اور فیملی ممبران نے اپنے پیاروں کے کندھوں پر ترقی کے رینک بیجز لگائے۔

اپنے عزیزوں کو ترقی کے نئے رینک میں دیکھنا والدین اور اہلِ خانہ کے لیے باعثِ فخر اور خوشی کا موقع تھا۔ تقریب کے دوران خوشی اور فخر کے جذبات نمایاں رہے۔

ڈی۔پی۔او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے ترقی پانے والے افسران اور ان کے اہلِ خانہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے افسران اپنی نئی ذمہ داریوں کو مزید محنت، لگن، دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ نبھاتے ہوئے عوام کی خدمت اور محکمہ پولیس کی نیک نامی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر موجود پولیس افسران و اہلکاروں نے بھی ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔