چترال ( نمائندہ چترال میل) آیون پروفیشنل فارمرز کو آپریٹیو آرگنائزیشن(PFCOs) کا پہلا جنرل باڈی اجلاس خیبر پختونخوا رورل اکنامک ڈویلپمنٹ پراجیکٹ (KP-RETP) کے تحت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خییبر پختونخوا کے زیر نگرانی آیون میں منعقد ہوا۔ جس میں بڑی تعداد میں آرگنائزیشن کے ممبران نے شرکت کی ، اس موقع پر ریجنل کوآرڈینیٹر پی اینڈ ڈی آر ای ٹی پی شفیق اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کہ صوبائی حکومت نے زرعی کاروبار کو فروغ دینے اور غربت میں کمی لانے کیلئے رورل اکنامک ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے نام سے جس پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ اس میں زراعت سے وابستہ افراد کی زندگی میں تبدیلی لانے کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں، آیون کے کسان حکومتی طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف جدید زراعت سے آگاہ ہو سکتے ہیں، بلکہ مالی طور پر مستحکم ہونے سے زندگی میں بہت بڑی تبدیلی آسکتی ہے،تاہم اس کیلئے اتفاق و اتحاد اور منظم طریقے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ صوبائی حکومت نے انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر ڈویلپمنٹ (IFAD) کے مالی تعاون سے زراعت کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ زرعی آمدنی کا بڑا حصہ جو مڈل مین کی جیبوں میں جاتا ہے، کا فائدہ براہ راست کسان کو پہنچانے کی کو شش کر رہا ہے۔ اور یہی وہ طریقہ کار ہے۔ جس سے کسان کو اس کی محنت کا پھل مکمل ملے گا، جس کے نتیجے میں کسان خوشحال ہوں گے اور غربت میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا، کہ چار سو خاندانوں کا ایک جگہ یکجا ہونا بہت بڑی بات ہے۔ اس سے دیگر اداروں سے بھی فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں،
کنسلٹنٹ ایگری بزنس آر ای ٹی پی اظہر اقبال اور کنسلٹنٹ عبد الحمید نے اپنے خطاب میں کہا۔ کہ آیون سبزیات، پھلوں اور ڈرائی فروٹ کا علاقہ ہے، جبکہ یہ سیاحتی طور پر بھی انتہائی اہمیت کا حامل ایریا ہے، ہزاروں کی تعداد میں سیاح اس علاقے کی سیر کرتے ہیں، اس لئے یہاں ایگری بزنس کے بیشمار مواقع موجود ہیں، تاہم اس کیلئے اجتماعی مثبت سوچ کی ضرورت ہے۔ کہ کس طرح زرعی کاروبار کو فروغ دے کر علاقے کو ترقی دے سکتے ہیں، انفرادی سوچ ایک خاندان کی حالت بہتر بنا سکتی ہے، جبکہ اجتماعی سوچ و کوشش پوری قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ اس لئے جو ادارہ بنایا گیا ہے۔ اس میں اجتماعی فکر کو اولیت دیں، ترقی خود بخود آپ کے ہاتھ آجائے گی۔ انہوں نے کہا۔ کہ کسان کو جو بھی وسائل درکار ہوں گے، ادارہ وہ وسائل مہیا کرے گا، جس سے زرعی پیداوار اور آمدنی میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا، کہ ایک جامع ڈویلپمنٹ پلان ہی آیون کی ایگری بزنس کی ترقی کا ضامن ہو گا۔ جس سے لوگوں کی زندگی میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی،
جنرل باڈی اجلاس سے سابق چیرمین یو سی آیون محکم الدین نے خطاب کرتے ہوئے زرعی بزنس کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی، اور موقع پر موجود لوگوں سے کہا۔ کہ ہر کام باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی بہتر نتائج دیتی ہے۔ اس لئے تمام ممبران کو چاہئیے، کہ وہ ادارے کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں، ادارہ مضبوط ہوگا، تو اس کے ساتھ کام کرنے والوں کی کمی نہیں ہو گی، اور مسائل حل ہوتے جائیں گے،
اس موقع پر تین سال کیلئے پروفیشنل فارمرز کوآپریٹیو آرگنائزیشن کے عہدہ داروں کا چناؤ عمل میں آیا، جس کے مطابق عتیق احمد صدر، نجمہ سحر نائب صدر، محکم الدین جنرل سیکرٹری، جویریہ جوائنٹ سیکرٹری، عبدالعزیز فنانس سیکرٹری اور نوید احمد انفارمیشن سیکرٹری چن لئے گئے، جبکہ ایگزیکٹیو ممبران میں خالد عثمان تھوڑیاندہ، مجیب الرحمن کورو، احتشام صحن ، قاری اسرار احمد درخناندہ، کفایت اللہ بڑاوشٹ /آٹانی، محمد انور دیر دالگرام شامل ہیں،





