اپر اور لویر چترال کے اضلاع میں سینکڑوں سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں یوم آزادی انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) اپر اور لویر چترال کے اضلاع میں سینکڑوں سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں یوم آزادی انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی جبکہ چترال شہر میں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122کے زیر انتظام اسامہ شہید پارک تک موٹر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ریلی نکالی گئی اور مرکزی تقریب ٹاؤن ہال میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد علی خان مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ یہ دن اس عزم کی اعادہ کا دن ہے کہ وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے اور اس کے استحکام سے ہمکنار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ اجائے گا اور جس طرح بزرگوں نے جانوں کی قربانی دے کر اسے حاصل کیا تھا، اسی طرح ہمیں اپنی تمام تر توانائی اور صلاحیتیں بروئے کار لاکر اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس کے زیر اہتمام منعقد ہ یوم آزادی کپ ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کے جیتنے والے کھلاڑیوں اور تقریب میں حصہ لینے والے طلباء وطالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر چترال عاطف جالب اور چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین نے بھی انعامات تقسیم کئے۔ لویر چترال کے ہیڈکوارٹرز چترال شہر اور اپر چترال کی ضلعی ہیڈ کوارٹرز بونی میں واقع مختلف سرکاری دفاتر اور رتعلیمی اداروں کے عمارتوں پر رات کو چراغان کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ نصف شب کے بعد آتش بازی کرکے آزادی کے حصول والی دن کا استقبال کیا گیا۔ درین اثناء ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد علی خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اور ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کرکے بیماروں کی عیادت کی اور قیدیوں میں تحائف تقسیم کئے۔اپر چترال کے ڈپٹی کمشنر خالد زمان نے بونی میں ڈی سی آفس کے احاطے میں پرچم کشائی کی اور قومی ترانے کے بعد چترال لیویز کے چاق وچوبند دستے کی سلامی لی۔ بعدازاں انہوں نے گورنمنٹ کالج بونی میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔ یوم آزادی کی تقریبات میں مختلف قصبات میں پولو سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے جن میں کثیرتعداد میں تماشائیوں نے شرکت کی۔