عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا ہے/ ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسو د نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا ہے جن میں تمام متعلقہ محکمہ جات کے ضلعی افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کئے جاتے ہیں تاکہ یہ مسائل بروقت اور ترجیحی بنیادوں پر حل ہوسکیں۔ کالاش وادی بریر میں جمعرات کے روز سروس کھلی کچہری کے موقع پر مقامی عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وادی کی سول ڈسپنسری میں لیڈی ہیلتھ وزیٹر کی تعیناتی، وادی سے سیلابی مواد کو ہٹانے کے لئے چینلائزیشن اور وادی کی سرکاری ہائی سکول میں چھ عدد کمپیوٹروں سمیت استاذ کی تعیناتی کا اعلان کیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں کی طرف سے نشاندہی پر بریر کے جنگل سے محدودتعداد میں ٹمبر پرمٹ صرف غیر جنگلاتی علاقوں کے عوام کو جاری کرنے کے لئے محکمہ فارسٹ کو احکامات جاری کئے جبکہ بریر میں لڑکیوں کے لئے مڈل یا ہائی سکول کے قیام کے سلسلے میں کہا جب بھی صوبائی اے ڈی پی میں گرلز مڈل یا ہائی سکول دی گئی تو اس وادی کو ترجیح دی جائے گی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چترال ساجد نواز خان بھی موجود تھے۔ کالاش نمائندہ مارشل لاء خان اور سیدگل نے سب سے پہلی مرتبہ چترال میں کھلی کچہری کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔مختلف سرکاری محکمہ جات کے سربراہان ڈسٹرکٹ افیسر فنانس حیات شاہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر اسرار اللہ، ٹی ایم او قادر ناصر، ڈی ای او (مردانہ) احسان الحق، ڈی ای او (زنانہ) بی بی حلیمہ، ڈی ایف سی فضل باری، اسسٹنٹ ڈائرکٹر لوکل گورنمنٹ انجینئر فہیم جلال، آغا خان ہیلتھ سروس کے پراجیکٹ منیجر معراج الدین اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر محکمہ صحت اور آغا خان ہیلتھ سروس کی طرف سے فری میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے تھے جبکہ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بھی کمیپ لگایا گیا تھا جہاں ادویات دستیاب تھے۔ ڈی سی خورشید عالم نے اے سی چترال کے ہمراہ مقامی ہائی سکول کا بھی وزٹ کیا اور طلباء وطالبات سے ان کی تعلیمی مسائل پر گفتگو کی۔ ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود اور اے سی چترال ساجد نواز خان نے دیودار کا پودا لگاکر شجرکاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔