شہزادہ افتخارالدین اور عبدالولی خان ایڈوکیٹ کی نامزدگی بہترین انتخاب ہے۔نیازاے نیازی ایڈوکیٹ

Print Friendly, PDF & Email

چترال(بشیر حسین آزاد)پاکستان مسلم لیگ (ن) چترال کے پارٹی انفارمیشن سیکرٹری اور حلقہ پی کے ون کے لئے نامزد کوررنگ اُمیدوار نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے ایک اخباری بیان میں اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ چترال کے عوام25جولائی کو شیر کے نشان پر مہر لگاکر اپنے احسان شناسی کا ثبوت دینگے۔اور پارٹی کے نامزد امیدواران شہزادہ افتخار الدین برائے قومی اسمبلی اور ایڈوکیٹ عبدالولی خان برائے صوبائی اسمبلی کو کامیاب بنائینگے۔اُنہوں نے کہا ان دو نوں امیدواران کی نامزدگی موجودہ حالات میں بہترین انتخاب ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) چترال کارکردگی،شرافت،دیانت،خدمت اورایشوز کی بنیاد پر انتخابی مہم چلائیگی۔مسلم لیگ (ن) نسل،رنگ،فرقہ اور علاقیت کی بنیاد پر ووٹ مانگنے کے مخالف ہے۔اُنہوں نے کہا مسلم لیگ(ن) کی سابق حکومت نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں چترال کے لئے ایسے کارہائے نمایاں سرانجام دئیے ہیں جن کی مثال گذشتہ 70سالوں میں نہیں ملتی ہے۔چترال کو گولین گول سے بجلی دی گئی ہے اور آج 20سال بعدچترالی عوام اور روزہ دار بجلی کی نعمت سے مستفید ہورہے ہیں۔اس طرح لواری ٹنل کی تکمیل سے چترال سے پشاور کا سفر6سے7گھنٹے کا رہ گیا ہے۔زلزلہ اور سیلاب زدہ گان میں اربوں روپے کی نقد امداد کی وجہ سے جہاں متاثرین کی بحالی ممکن ہوئی وہاں اس نقد امداد کی وجہ سے چترال معیشت بھی بہتر ہوئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حال ہی میں گیس پلانٹس اور چترال گرم چشمہ روڈ اور کالاش ویلیز روڈ کا جو افتتاح ہوا ہے اس سے بھی چترال کی ترقی میں اضافہ ہوگا۔نیازی اے نیازی نے کہا کہ گذشتہ پانج سالوں کے دوران وفاقی حکومت اور نامزد اُمیدوار شہزادہ افتخار الدین کی انتھک کوششوں کی وجہ سے اس وقت چترال پر ایک سو چالیس ارب روپے خرچ ہورہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سمیت کسی بھی پارٹی کے پاس چترال کی ترقی کے لئے کوئی ویژن اور لائحہ عمل موجود نہیں ہے۔