سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے زیراہمتام ویلج کونسل ڈویلپمنٹ پلان کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل) سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور محکمہ بلدیات کی شراکت سے چترال میں ویلج کونسل ڈویلپمنٹ پلان کے حوالے بلدیاتی نمائندگان کے لئے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس آر ایس پی نے CDLDپروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ اور لوکل گورنمنٹ کے تعاون سے ویلج کونسل ڈویلپمنٹ پلان کی تیاری، اس کی اہمیت اور اس اہم ترقیاتی دستاویز کی تیاری میں عوامی شمولیت و بلدیاتی نمائندگا ن کے کردار کے حوالے چترال اور دروش میں آگاہی ورکشاپس منعقد کئے۔ ان ورکشاپوں میں ممبران ضلع کونسل، ممبرا ن تحصیل کونسل، ویلج و نائبر ہڈ کونسل کے ناظمین اور سیکرٹریز نے شرکت کیں۔ ایس آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر کمال عبدالجمیل نے سی ڈی ایل ڈی پروگرام نظر ثانی شدہ نوٹیفیکیشن اور اس میں کئے گئے تبدیلیوں کے حوالے سے شرکاء کو معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی ایل ڈی پالیسی کے تحت اب پہلے مرحلے میں ویلج کونسل کی سطح پر بلدیاتی نمائندگان کے ساتھ ملکر عوامی شراکت سے ویلج کونسل ڈویلپمنٹ پلان بنائے جائینگے اور اس عمل میں ایس آر ایس پی معاونت فراہم کریگی جبکہ ضلعی انتظامیہ اس عمل کی نگرانی کریگی۔ انہوں نے ویلج کونسل ڈویلپمنٹ پلان کی تیاری، اس میں عوامی شمولیت، اس پلان کی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی ایل ڈی پروگرام کے فوکل پرسن و ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس اینڈ پلاننگ محمد حیات شاہ نے ان ورکشاپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انکے انعقاد پر ایس آر ایس پی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ویلج کونسل ڈویلپمنٹ پلان صرف سی ڈی ایل ڈی کے لئے نہیں بنائے جا رہے بلکہ اس کا مقصد وسائل کو یکجا کرکے بہتر منصوبہ بندی کے تحت عوامی فلاح کے کاموں کے لئے مربوط حکمت عملی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وی سی ڈی پی بنانے کا عمل عوامی شمولیت سے شفاف انداز میں انجام پذیر ہوگا جسکی نگرانی ضلعی انتظامیہ کریگی۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندگان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں انکا ایک اہم کردار ہے اور اس کا مقصد بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
قابل ازیں ورکشاپ کاباقاعدہ آغاز کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ انجنیئر فہیم جلال نے شرکاء کو خو ش آمدید کہتے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ ورکشاپ میں ٹیکنیکل اسسٹنٹ ٹیم کے کوآرڈنیٹر افسر جان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شرکاء نے ورکشاپ کے انعقاد پر ایس آر ایس پی، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ بلدیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے نہایت مفید قرار دیا۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس آر ایس پی کے ڈی پی ایم کمال عبدالجمیل بتایا کہ تحصیل مستوج کے بلدیاتی نمائندگان کے لئے آگاہی ورکشاپ اگلے ہفتے بونی اور مستوج میں منعقد کئے جائینگے۔