خراب کارکردگی اور کم انرولمنٹ پرائمری سکولوں کی لسٹ تیار کرکے ان کے مستقبل کے لئے قابل عمل پلان بھی انہیں بجھوائیں تاکہ اس سلسلے عوامی مفاد میں بہتر فیصلہ کیا جاسکے۔ وزیرتعلیم محمد عاطف خان

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نما یندہ چترال میل)خیبر پختونخوا کے وزیرتعلیم محمد عاطف خان نے محکمے کے متعلقہ حکام کوہدایت کی ہے کہ وہ خراب کارکردگی اور کم انرولمنٹ پرائمری سکولوں کی لسٹ تیار کرکے ان کے مستقبل کے لئے قابل عمل پلان بھی انہیں بجھوائیں تاکہ اس سلسلے عوامی مفاد میں بہتر فیصلہ کیا جاسکے۔ یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں سرکاری سکولوں کی کارکردگی سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں سرکاری سکولوں خصوصاً پرائمر ی سکولوں کی کارکردگی پر تفصیلی غور و خوض ہوا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔وزیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے بچوں کو ملک کے بہترین اداروں کے بچوں کا ہم پلہ بنانے کے لئے اساتذ کی جدید خطوط پر تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس مقصد کے لئے آئی ٹی اور نئی ٹیکنالوجیز کو استعمال میں لایا جا رہا ہے کیونکہ شعبہ تعلیم میں نئی ٹیکنالوجیز کی اشد ضرورت ہے۔عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں بہترین آئی ٹی کمپنیوں کے تعاون سے سرکاری سکولوں میں ڈیجیٹل لیٹرسی اور ڈیجیٹل نصاب متارف کرانے پر کام کررہی ہے اور اس مقصد کے لئے آئی ٹی ماہرین کی خدمات لی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیافتہ دنیا کا موثر طور پر مقابلہ کرنے کے لئے آئی ٹی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی ہو گی اور شعبہ تعلیم کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ کوئی لمحہ ضائعح کئے بغیر شعبہ تعلیم میں نئی جہت اور رجحانات متعارف کرانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور مذکورہ پراجیکٹ پر من وعن عمل درآمد یقینی بنائیں۔