چترال کالج آف کامرس اینڈ منیجمنٹ سائنسز میں پراکٹوریل بورڈ اور کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کی تقریب حلف برداری ۔ ڈی جی عمر علی خان مہمان خصوصی

Print Friendly, PDF & Email

چترال ( نمائندہ چترال میل) ڈائیریکٹر جنرل کامرس ایجوکیشن اینڈ منیجمنٹ سائنسز خیبرپختونخوا پروفیسر عمر علی خان نے کہا ہے کہ وہ دور ختم ہوگیا جب طالب علم بی کام کرنے کے بعد نوکری پہ لگ جاتے تھے اب مقابلے کا دور ہے دنیا گلوبل ویلج بن گئی ہے اب ہمیں گلوبل سطح پر مقابلے کے لئے خود کو تیار کرنا ہوگا، جس کے لئے طالب علم کے پاس اسکیل کا ہونا اشد ضروری ہے جبکہ خالی ڈگری سے کوئی فائدہ نہیں، لہذا طالب علموں کو روائتی تعلیم حاصل کرنے کے بجائے ٹیکنکل ایجوکیشن کی طرف راغب ہونے کی اشد ضرورت ہے، جس کے لئے بہت جلد کالج ہذا میں شارٹ کورسز پڑھانے کا بندوبست کیا جائیگا،ان خیالات کا اظہار انھوں نے چترال کالج آف کامرس اینڈ منیجمنٹ سائنسز میں پراکٹوریل بورڈ اور کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے، تقریب میں شاہی خطیب مولانا خلیق الزمان، کالج کے پرنسل پروفیسر صاحب الدین، وائس پرنسپل وجیہ الدین اور پروفیسرز صاحبان کے ساتھ طلباوطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈی جی عمر علی خان نے طلبا وطالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مخصوص گروہ بچوں کی مستقبل کو تباہ کرنے کیلئے منشیات تعلیمی اداروں میں پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں لہذا اب سب کو ان پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے، تاکہ ہمارے مسقبل کے معمار وں کو اس لعنت سے دور رکھا جاسکے، انھوں نے کہا کہ چترال کے لوگ انتہائی پسماندہ علاقے کے ساتھ تعلق ہونے کے ساتھ تعلیم کے لحاظ سے صوبے کے دوسرے نمبر پر ہیں جو انکی تعلیم کے ساتھ لگن اور شعور کانتیجہ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کالج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ اپر چترال میں کامرس کالج کی قیام کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کارلانے اور کوششوں کا اعادہ کیا، تقریب سے شاہی خطیب مولانا خلیق الزمان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے علماء دینی علوم کے ساتھ عصری علوم کے بھی حامی ہیں، اور موجودہ دور میں فنی تعلیم کی اہمیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انھوں نے کامرس کالج کے پرنسپل صاحب الدین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کالج کے پروفیسر صاحبان کی انتھک محنت سے کالج نے اپنے لئے ایک مقام پیدا کیا ہے، اس سے قبل کالج کے پرنسپل صاحب الدین نے خطاب کرتے ہوئے کالج کے بارے میں ڈی جی کو تفصیلی بریفنگ دی اور مسائل سے انھیں اگاہ کیا، تقریب میں کالج کے ہونہار طلبا وطالبات میں ایوارڈ اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے، اور خصوصی طور پر موجود ہ دور میں کتاب بینی کی طرف طلبا وطالبات کو راعب کرنے پرکالج لائبریرین اورانتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا گیا،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے نو منتخب پراکٹوریل بورڈ اور کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا۔