دروش میں سیلاب؛ مقامی پولیس نے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مرکزی شاہراہ کھول دی

Print Friendly, PDF & Email

دروش(نمائندہ چترال میل) عید کے پہلے روز دروش کے مختلف مقامات پر آنیوالے سیلاب اور ہنگامی صورتحال میں دروش پولیس نے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سیلاب کی وجہ سے چترال پشاور روڈ مختلف مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو گئی تھی جسے تھانہ دروش کے ایس ایچ او سب انسپکٹر بلبل حسن نے پولیس جوانوں کے ہمراہ کام کرتے ہوئے جلد ہی ٹریفک کیلئے کھول دیا، اس موقع پر پولیس ٹریکٹر کا بندوبست بھی کرایا تاکہ سڑک سے بھاری ملبہ ہٹایا جاسکے۔ اسی طرح مختلف مقامات پر امدادی سرگرمیوں میں پولیس جوانوں نے بھرپور حصہ لیا۔ عیدکے پہلے روز شدید بارشوں کے بعد کرنل مراد اسٹیڈئم دروش میں عید کا اجتماع منعقد نہ ہو سکتا جسکی وجہ سے درجنوں مساجد میں نماز عید ادا کی گئی۔ دروش پولیس نے مساجد کو سیکورٹی فراہمی کے ساتھ ساتھ سیلاب سے پیدا ہونے والے صورتحال میں بھی مکمل چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مرکزی شاہراہ کو کھول دیا بلکہ دیگر علاقوں میں پہنچ کر بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔
درایں اثناء عوامی حلقوں نے دروش پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے ایس ایچ او بلبل حسن کی قیادت میں پولیس نہ صرف سماج دشمن عناصر کے خلاف سرگرم عمل ہے بلکہ ہنگامی صورتحال میں بھی امدادی کاروائیوں کے لئے ہمہ وقت خود کو پیش کرتی ہے جس کی وجہ سے پولیس کے وقار میں اضافہ ہو رہا ہے۔