نظریہ پاکستان کے نتاظر میں نوجوان نسل کی ذمہ داریاں۔۔تحریر: وصال احمد

Print Friendly, PDF & Email

پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ نظریہ پاکستان، تحریک پاکستان اورتکمیل پاکستان کے نظریات کی ترویج کے لئے نوجوانوں کی تنظیم ہے جسے اسی (80) کے دہائی میں نظریاتی نوجوانوں نے قائم کیا جب ملک میں صوبائی،لسانی اور مذہبی تعصبات زوروں پر تھے اور نوجوان اس نظریہ سے دور ہوتے ہوئے نظر آرہے تھے۔ یہ تنظیم ان برائیوں کے سامنے مقابلہ کرنے کے لئے میدان میں اتری اورتمام تعصبات کے طوفان کے سامنے سینہ سپرہونے کے لئے جدوجہد کرنے لگی۔قائد اعظم اورعلامہ اقبال کے تصورات پر یقین رکھنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہوتی اس تنظیم سے تعلق رکھنے والے نوجوان پاکستان کے مختلف علاقوں اور پیشوں سے وابستہ ہیں اور مختلف حیثیت کے ساتھ کام کرتے ہیں۔تنظیم سے وابستہ خیبر پختونخوا کی کابینہ کی دعوت پر چاروں صوبوں اورآزاد کشمیر سے عہدیداروں اوربانی ارکان 17،18 اور19 نومبر 2017 کو تین روزہ دورہ پر خیبرپختونخوا تشریف لائے۔ تخت بھائی کے مقام پر 17 نومبر کو صوبائی جنرل سیکرٹری پامی وصال احمد نے پشاور زلمے ہوٹل پر خوش آمدید کہا اور کیمپ میں ارکان کا استقبال اورتواضع کیا۔ نماز جمعہ کے بعداورتمام دوستوں کی آمد کے بعد قافلہ کو معروف آثار قدیمہ تخت بھائی کے تاریخی مقام کی سیر کروائی گئی جہاں صوبائی صدر گل زمان خان نے قافلے کا شاندار استقبال کیا اور تمام معزز مہمانوں کو گائیڈ نے آثار کے حوالہ سے بریفنگ دی اور مختلف جگہوں پر گھمایا جس سے دوستوں کو خاطر خواہ معلومات حاصل ہوئیں۔شام کو 52 ارکان پرمشتمل قافلہ کئی گاڑیوں میں صوبائی صدر گل زمان خان کی رہائش گاہ واقع درگئی ملاکنڈ ایجنسی پہنچ گیا۔ شام کوان کی طرف سے شاندار عشائیہ کا اہمتام کیاگیا۔ 18 نومبر صبح ناشتے کے بعد دس بجے”نظریہ پاکستان کے تناظرمیں نوجوان نسل کی ذمہ داریاں“ کے عنوان سے ایک سیمینار کاانعقاد کیاگیا جس میں پامی کے علاوہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں کے طلباء نوجوانوں اورمعززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔سیمینار کی صدارت پامی کے سینئروائس چیئرمین اقبال گورایہ نے کی اورجناب محمد اقبال ڈار صاحب مہمان خصوصی تھے۔ پامی کے چیئرمین محترم محمد اسلم زار اپنے بھائی کی علالت کی وجہ سے تشریف نہ لاسکے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر زوردیا کہ آج کل کے دورمیں پاکستان بھرمیں نظریہ پاکستان کی ترویج اس کی صحیح روح کے ساتھ نوجوان نسل میں اُجا گرکرنے کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اس مقصد کے لئے پاکستان اسمبلی آف مسلم یوتھ کا فورم اپنا کردار ادا کرتارہے گا کیونکہ اس وقت پاکستان میں نظریاتی اورفکری یکجہتی کی اشد ضرورت ہے اور نظریاتی طورپر جو خلا پیدا ہوچکاہے اسے پُرکرنا پامی کانصب العین ہے۔ پامی کاایک مقصد تکمیل پاکستان کے تناظر میں کشمیر کی آزادی کے کشمیریوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کرنابھی ہے تنظیم کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرہ کو کتابوں سے نکال کر عملی شکل دینے کا عزم بھی رکھتی ہے۔ پاکستان بننے کے بعد تیسری نسل کو نظریہ پاکستان منتقل کرنے میں پامی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا کیونکہ کشمیریوں اورپاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو ہر ایک فورم پراٹھائینگے۔اس روز ممبر صوبائی اسمبلی جمشید خان نے شیر گڑھ میں اپنی رہائش گاہ پر پامی کے پاکستان بھر سے آئے ہوئے رہنماؤں کے اعزاز میں ایک پرُ تکلف ظہرانہ دیا۔ شام کو یہ قافلہ سوات کی طرف روانہ ہو اجہاں مینگورہ میں ڈسٹرکٹ ممبر عاصم اللہ خان کی سربراہی میں ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے قافلے کااستقبال کیا اورعشائیہ کا اہتمام کیا۔ اس کے بعد قافلہ مدین ہوٹل مدین رات بسر کرنے کے لئے پہنچ گیا۔ 19 نومبر کو ناشتے کے بعد دس بجے پامی ایگزیکٹیوں کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے اور پامی کو وسعت دینے کے لئے ارکان کو ذمہ داریاں نبھانے پراتفاق ہوا۔ دوپہر کویہ وفد نئے عزم کے ساتھ سرگرم عمل ہونے کے عہد کے ساتھ اپنے علاقوں کی طرف واپس روانہ ہوا۔