وزیر اعظم دورہ چترال کے دوران زرعی قرضوں کی معافی کا اعلان کریں، امیر اللہ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل)معروف سماجی اور سیاسی شخصیت صوبیدار امیر اللہ (ر) نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان دورہ چترال کے دوران زرعی قرضوں کی معافی کا باقاعدہ اعلان کریں۔ یاد رہے کہ 2015 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے دورہ چترال کے دوران ریشن کے مقام پر زرعی قرضوں کی معافی کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے لوگوں نے قرضوں کی واپسی بند کردی تھی مگر دو سال گزرنے کے بعد بھی زرعی قرضے معاف نہیں ہوئے۔ امیر اللہ کا کہنا ہے کہ زرعی قرضوں کی عدم معافی کی وجہ سے علاقے کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ شیڈول کے مطابق قرضوں کی واپسی نہ ہونے کی وجہ شرح سود بڑھ کر قرضوں سے بھی زیادہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے قرض دار اپنے کل اثاثے اور زمین جائیداد بیچنے کے بعد بھی یہ قرضے واپس کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر زرعی قرضے معاف نہیں ہوئے تو علاقے میں شدید بحران کا خدشہ ہے۔ اس لئے وزیر اعظم خاقان عباسی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ علاقے کی مشکلات اور غربت کو سامنے رکھتے ہوئے زرعی قرضوں کی باقاعدہ معافی کا اعلان کریں۔