رمضان المبارک سے پہلے پہلے لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کاخاتمہ کیاجائے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق

Print Friendly, PDF & Email

چارسدہ (نمائندہ چترال میل)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے چار سال حکومت کے پورے ہونے کے بعدحکمرانوں کی زندگی میں انقلاب آیا ہے،غریب عوام کو مہنگائی لوڈشیڈنگ،بے روزگاری اور بدامنی کے تحفے کے سوا کچھ نہیں ملا،رمضان المبارک سے پہلے پہلے لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کاخاتمہ کیاجائے،ڈان لیکس کے بارے میں کہا گیا کہ یہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ قومی سلامتی کا مسئلہ دو اداروں کا نہیں بلکہ پورے ملک کے 20کروڑ عوام کا مسئلہ بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا کے مختصردورے کے دوران چارسدہ میں میڈیا اور المرکز الاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے ذمہ داران،صوبائی وزراء،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ بھی انکے ہمراہ تھے سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ چند لوگوں نے بند کمرے میں بیٹھ کر ایک دوسرے کو خاموش کیا ہے لیکن قوم کے ذہنوں میں اب بھی سوال ہے کہ اتنے بڑے واقعہ کا اصل ذمہ دار کون ہے۔ رات گئی بات گئی سے معاملہ ختم نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات کی خرابی ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے اور یہ بھارت کی کامیابی ہے۔ پاکستان کا وزیر خارجہ نہیں اور جس ملک کا وزیر خارجہ نہ ہو اس کا نتیجہ یہی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سپیکر آیاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے افغانستان کا دورہ کیا جس کے بعد ناخوشگوار واقعات رونما ہو ئے اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید خراب ہو گئے ہیں جو ا س بات کی علامت ہے کہ اسلام آباد کے ساتھ وہ صلاحیت نہیں کہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات اچھے بنائے اور پاکستان کیلئے بیرونی محاذ پر جگہ بنا لے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ جندال کا ایسے ماحول میں ملاقات کرنا جب کلبھوشن پاکستان کے جیل میں ہے اور ان کو پھانسی کی سزا ہو ئی ہے جبکہ بھارت بین الاقوامی عدالتوں سے رجوع بھی کر رہا ہے اور پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈوں میں مصروف عمل ہے تو ایسے حالات میں جندال کا وزیر اعظم سے خفیہ ملاقات کلبھوشن کی رہائی کے سوا کچھ نہیں۔ جندال کی ملاقات اور کلبھوشن کی رہائی بیک ڈورڈپلومیسی ہے یہ کام خود وزیر اعظم نہیں کر تا اس کے پیچھے اور بہت لوگ ہو تے ہیں،کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلاشتعال فائرنگ اور اس میں شہریوں کی زخمی ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ واقعات ناقابل برداشت ہیں اور یہ پہلی دفعہ نہیں بھارت مسلسل LOCپر بلااشتعال فائرنگ میں عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کے چار سال پورے ہوئے ہیں اور چار سال حکمرانی کے بعد وہ عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے اس وقت حکمرانوں کی زندگی میں انقلاب تو نظر آرہا ہے لیکن عوام کی زندگی پہلے سے بھی ابتر ہوتی نظر آرہی ہے،انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مذہبی تہواروں کے مواقع پر عوام کو خصوصی ریلیف دیا جاتا ہے،اشیاء خوردونوش سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہوتی ہیں لیکن یہاں پر ایسے مواقع اور خصوصا رمضان المبارک کے موقع پر مہنگائی عروج پر پہنچتی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت رمضان المبارک کیلئے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کرے،اشیائے خردونوش کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے کیونکہ رمضان المبارک میں مہنگائی اور لوڈشیڈنگ عوام برداشت نہیں کرینگے ۔