چترال کشیدہ صورت حال جلد ی سے قابو میں آرہی ہے جس کے لئے ضلع بھر میں دفعہ 144فافذ کرنے کے بعد شہر میں پولیس، چترال سکاوٹس اور پاک آرمی کی نفری بھاری تعداد میں تعینات کئے گئے تھے۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) جمعہ کے روز شاہی مسجد میں ایک شخص کی جانب سے امامت اور نبوت کا دعویٰ کرنے کے بعد کشیدہ صورت حال جلد ی سے قابو میں آرہی ہے جس کے لئے ضلع بھر میں دفعہ 144فافذ کرنے کے بعد شہر میں پولیس، چترال سکاوٹس اور پاک آرمی کی نفری بھاری تعداد میں تعینات کئے گئے تھے جوکہ چترال شہر آنے اور جانے کے راستوں کے ساتھ ساتھ اندرونی سڑکوں کی بھی سخت نگرانی کرتے ہوئے بغیر کسی معقول وجہ کے شہر میں داخل ہونے والوں پر کڑی نظر رکھتے تھے۔ شہر اور مضافات میں مکمل طور پر کرفیو کا سماں رہا اور کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہے تاہم پشاور بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جاری رہے۔ سڑکوں پر موٹر گاڑیوں کی ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر تھی جس کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں کی بندش کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہوا۔ دریں اثناء جمعہ کے روز بلوہ کرنے کے پاداش میں ڈیڑھ سو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے ذریعے ان کے بارے میں تحقیقات کے بعد ان کے خلاف باضابطہ ایف آئی آر درج کیا جائے گا۔ نبوت کا دعویٰ کرنے والے ملزم رشید الدین کو انسداد دہشت گردی کے جج کے سامنے پیش کرکے ان کا ریمانڈ لینے کے لئے سوات بھیج دیا گیا جن کے خلاف تغزیرات پاکستان کے دفعہ 295۔سی کے علاوہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے دفعات 6اور 7کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ چترال میں کشیدہ صورت حال کے پیش نظر ڈی۔ آئی۔جی ملاکنڈ اختر حیات خان گنڈاپور بھی چترال پہنچ گئے ہیں۔ کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل نظام الدین شاہ نے خود ہی شہر میں گشت کرکے صورت حال کا جائزہ لیتا رہا۔ دریں اثناء لاسپور وادی کے مختلف ویلج کونسلوں کے ناظمین، نائب ناظمین اور جنرل کونسلروں حاصل مراد خان، پنار ولی، جماعتی خان، رحمت اعظم خان اور جمال الدین نے چترال پریس کلب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نبوت کا دعویٰ کرنے والے شخص کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ ان کو قرار واقعی سز ا دے کر انہیں نشانہ عبرت بنایا جائے تاکہ دوسروں کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہوسکے۔ انہوں نے لاسپور کی سنی اور اسماعیلی حلقوں اور اے کے ڈی این کے اداروں کی طرف سے ملزم کے خلاف تادیبی کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ یہ شخص دراصل بھارتی یا امریکی ایف بی آئی کا ایجنٹ ہے جسے سی۔ پیک منصوبے کی ناکامی کا ٹاسک دی گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اہالیان لاسپور اپنے نبی آخر الزمان کی شان پر اپنا جان،مال اور اولاد قربان کرنے کو تیار ہیں اور وقت آنے پر وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار ہیں۔