چترال (نمائندہ چترال میل) چترال وائلڈ لائف ڈویژن کے چوکنا عملے نے بروز گاؤں میں معروف شکاریوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ان کے ٹھکانوں پر تلاشِی وارنٹ پر عمل درآمد کیا۔ کارروائی کے دوران غیرقانونی شکار کیے گئے مارخور کی کھالیں، سینگ اور دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔
محکمہ کے مطابق ملزمان کے خلاف خیبر پختونخوا وائلڈ لائف اینڈ بائیو ڈائیورسٹی ایکٹ 2015 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت تفتیش اور تلاش جاری ہے۔
ترجمان وائلڈ لائف ڈویژن نے کہا ہے کہ شکار کی کسی قسم کی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی اور غیرقانونی شکار کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے محکمہ کے ساتھ تعاون کریں اور ایسی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔





