صوبائی حکومت کی طرف سے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے وادی کالاش سے باہر دفتر کے قیام کی کوششوں اور غیر مقامی چیرمین کے تقرر کو آل کالاش ویلیز ویلج کونسلز کے چیرمینان اور ممبران نے مسترد کردیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) صوبائی حکومت کی طرف سے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے وادی کالاش سے باہر دفتر کے قیام کی کوششوں اور غیر مقامی چیرمین کے تقرر کو آل کالاش ویلیز ویلج کونسلز کے چیرمینان اور ممبران نے مسترد کردیا ہے۔ چیرمین ویلج کونسل رمبور سلطان کی زیر صدارت اجلاس میں چیرمین ویلج کونسل بمبوریت خلیل الرحمن، چیرمین بریر برس خان اور کونسلر لوک رحمت نے ایک اجلاس میں اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ قرارداد میں مطالبہ کیا ہے۔ کہ فوری طور پر کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دفتر وادی بمبوریت میں قائم کیا جائے،رمبور اور بریر وادی میں ذیلی دفاتر قائم کئے جائیں۔اور کے وی ڈی اے کیلئے وادی سے تعلق رکھنے والے چیرمین کا تقرر کیا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے۔ کہ چونکہ قصبہ ایون کے وی ڈی اے کے دائرہ کار سے باہر ہے۔ اس لئے ایون سے چیرمین کا تقرر اور دفتر کا قیام خلاف ضابطہ ہے۔ جو کہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا۔ کہ اتھارٹی کے بورڈ میں مقامی چیرمینان و ممبران کو نمایندگی دی جائے۔ کالاش وادیوں میں ڈویلپمنٹ سے متعلق کے وی ڈی اے کے کردار کو واضح کیا جائے۔کلچر اینڈمنیجمنٹ پلان تشکیل دیا جائے۔ تاکہ وادیوں میں کچھ ڈویلپمنٹ ہوتا ہوا نظر آئے۔ قرارداد میں کے وی ڈی اے کیلئے فراہم کردہ کچرے ٹھکانے لگانیو دیگرمشینریز جو ٹی ایم اے کے پاس پڑے ہوئے ہیں۔ وادی میں منتقل کرنے اور انہیں کارآمد بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔