دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایلیٹ فورس نے اپنی انتہائی حساس او ر مشکل ترین کردار کو کامیابی سے نبھاکر سرخروئی حاصل کی ہے۔ آصف اقبال ڈپٹی کمانڈنٹ ایلیٹ فورس خیبر پختونخوا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) ڈپٹی کمانڈنٹ ایلیٹ فورس خیبر پختونخوا آصف اقبال نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایلیٹ فورس نے اپنی انتہائی حساس او ر مشکل ترین کردار کو کامیابی سے نبھاکر سرخروئی حاصل کی ہے اور حالت امن میں بھی اس کی ڈیوٹی کی نوعیت منفر د اور اہم ہونے کی وجہ سے اس کاہر جوان کسی بھی مشکل مہم کے لئے ہردم مستعد اور تیاررہتا ہے۔ اتوار کے روز لویر چترال کے پولیس لائنز میں ایلیٹ فورس کے افسران اورجوانوں کی دربار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ کرنے کے لئے مسلسل کوشش کرنے کے ساتھ ڈسپلن کی پابندی میں بھی اپنے آپ کا لوہا منوائیں تاکہ وہ ہر محاذ اور ٹاسک میں سرخرو ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اس فورس میں ڈسپلن کی خلاف ورزی اور سستی کاہلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے جبکہ ایس او پیز کی پابندی بھی ناگزیر ہے کیونکہ ایلیٹ فورس کا ہر جوان اس فورس، معاشرہ اور اپنی فیملی کا قیمتی سرمایہ ہے۔ ڈپٹی کمانڈنٹ نے اس عزم کا اظہار کیاکہ چترال کی سطح پر ایلیٹ فورس کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے جن میں گاڑی کی فراہمی، دفتری سازوسامان کی کمی کا پورا کرنا اور مختلف پلاٹونوں میں نفریوں کی تعداد کو متوازن بنانا شامل ہیں۔ اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز اقبال کریم، ایس ڈی پی او شیر وزیر خان، ایلیٹ فورس کے انچارج بلبل حسن اور دوسرے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمانڈنٹ نے دربار میں موجود جوانوں اور فسران کی طرف سے پیش کئے گئے انفرادی درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کردئیے۔ ڈپٹی کمانڈنٹ جب پولیس لائنز پہنچے تو پولیس کا ایک چاق وچوبند دستے نے ان کو سلامی دی جبکہ بعدازاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کا چادر چڑہادیا۔ ایس پی انوسٹی گیشن نے انہیں جوانوں اور افسران کی طرف سے چترال کا روایتی تخفہ چغہ اور چترالی ٹوپی پیش کی۔