فلائنگ کوچ گاڑی کا ریشن چترال میں حادثہ، ایک شخص جاں بحق 13زخمی

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) پشاور سے اپر چترال کے موڑکھو جانے والی فلائنگ کوچ گاڑی کو ریشن گاؤں کے قریب شوگرام گاؤں کے سامنے کوڑوم شوغور میں حادثہ پیش آنے سے ایک شخص جان بحق اور 13افراد زخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمیت مختلف ہسپتالوں میں داخل کئے گئے ہیں۔ واقعہ جمعرات کے سہ پہر اس وقت پیش آیا جب گاڑی ڈرائیور سیف الرحمن سے بے قابو ہوگئی جس نے کوشش کرکے گاڑی کو گہری کھائی میں گرجانے سے بچالیا مگر گاڑی سڑک پر ہی الٹ گئی جس کے نتیجے میں نور حسین ولد صابر ساکن سہت موقع پر ہی جان بحق ہوگئے جبکہ ڈرائیورسمیت 13افراد زخمی ہوگئے جن میں عصمت اللہ ولد شیرین، میر اعظم شاہ ولد نامعلوم، نماز عید خان ولد دینار ولی، محمد عاطف ولد نامعلوم، محمد شفیع ولد نامعلوم، مدثر ولد نامعلوم، عثمان علی ولد نامعلوم اور ایک خاتون حلیمہ بی بی دختر نامعلوم بھی شامل ہیں جن میں سے سب کا تعلق موڑکھو کے سہت گاؤں سے بتایا جاتا ہے۔زخمیوں میں زئیت گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین طالب علم تیمور علی ولد امیر علی، تنویر حکیم ولد شیر حکیم، عبدالباسط ولد غفور بھی شامل ہیں جوکہ حادثے سے چند منٹ پہلے سوار ہوئے تھے۔ یہ طالب علم ریشن گاؤں میں واقع ایک کالج سے چھٹی کے بعد گھر جارہے تھے۔