ضلعے کی حدود میں ناقابل تحلیل شاپنگ بیگ کی تیاری، سٹور کرنے، فروخت اور استعمال پر ایک ماہ کے لئے مکمل پابندی عائد کی۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال خورشید عالم محسود

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ڈپٹی کمشنر لویر چترال خورشید عالم محسود نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے ضلعے کی حدود میں ناقابل تحلیل شاپنگ بیگ کی تیاری، سٹور کرنے، فروخت اور استعمال پر ایک ماہ کے لئے مکمل پابندی عائد کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے دفتر سے جاری شدہ حکمنامے کے مطابق ناقابل تحلیل شاپنگ کا استعمال ماحولیاتی آلودگی کا سبب بنتا ہے اور یہ شاپنگ بیگ سیوریج لائن کی بندش کا باعث بن جانے کی عوامی شکایات بھی بڑی تعداد میں سامنے آرہے ہیں جبکہ آنے والی مون سون بارشوں کے دوران یہ صحت عامہ کے لئے انتہائی ضرر رسان ثابت ہوسکتے ہیں۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے حالات میں شاپنگ بیگوں کی تیاری، فروخت اور استعمال پر پابندی ناگزیر ہوگئی تھی جس کی بنا پر یہ پابندی عائد کی جاتی ہے جوکہ فوری طور پر نافذ العمل ہوکر 21مئی تک لاگور ہے گااور اس کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف تعزیرات پاکستان کے دفعہ 188کے تحت کاروائی کی جائے گی۔
دریں اثناء ایک اور حکمنامے میں ڈی۔ سی لوئر چترال نے تمام ہوٹل اور ریسٹوران کے مالکان کو منرل واٹر، سافٹ ڈرنک اور جوس کو بوتل یا پیکج پر درج شدہ قیمت سے ذیادہ وصول کرنے پر سخت تنبیہ کی ہے۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عوامی شکایات کے مطابق ہوٹل اور ریسٹوران مالکان درج کردہ قیمت سے ذیادہ وصول کررہے ہیں جوکہ قابل گرفت عمل ہے۔